QR CodeQR Code

شیعہ قتل عام اور ٹارگٹ کلنگ میں ہماری جماعت کا کوئی کردار نہیں، مولانا احمد لدھیانوی

12 Sep 2012 02:29

اسلام ٹائمز: دفاع پاکستان کونسل کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے رہنماء کا کہنا تھا کہ قتل ہونے والا بے گناہ شیعہ ہو یا سنی، اسکا قتل قابل مذمت ہے اور ہم اسکی شدید مذمت کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ کالعدم تنظیم کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی نے دفاع پاکستان کونسل کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں امریکہ کے خلاف اتحاد و یکجہتی کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ملک میں ہونے والے شیعہ قتل عام اور ٹارگٹ کلنگ میں ہماری جماعت ملوث نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قتل ہونے والا بے گناہ شیعہ ہو یا سنی، اسکا قتل قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کا دہشت گردی سے نہ تعلق تھا نہ ہے اور نہ رہے گا۔ یاد رہے کہ شیعہ نسل کشی کے حالیہ واقعات کے بعد الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر ان واقعات کی شدید مذمت کی گئی ہے جس کے بعد سپاہ صحابہ دفاعی لائن پر جانے پر مجبور ہوئی ہے، واضح رہے کہ دفاع پاکستان کونسل کے پلیٹ فارم سے مولانا احمد لدھیانوی کا یہ پہلا بیان سامنے آیا ہے جس میں اس نے کونسل کے ارکان کو اپنی جماعت کی طرف سے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس کی جماعت ان واقعات میں ملوث نہیں ہے۔ احمد لدھیانوی کے اس بیان کو سید منور حسن، مولانا سمیع الحق اور جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے اجلاس میں بیحد سراہا۔

کالعدم تنظیم کے رہنماء نے دفاع پاکستان کونسل کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے دوستیاں قائم کرکے حکمران لاکھوں کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی بند کریں اور کشمیر پر اپنا موقف واضح کریں یا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے سے دستبرداری کا اعلان کریں۔ کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کے سربراہ نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں آپریشن مسائل کا حل نہیں بلکہ مسائل بڑھانے کا باعث ہے۔ حکومت قبائلیوں سے مذکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرے۔ مولانا احمد لدھیانوی نے چیف آف آرمی سٹاف سے ڈرون حملوں کے حوالے سے واضح اور مضبوط موقف سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔ سربراہ دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق نے مولانا احمد لدھیانوی کے بیان کو سراہا۔


خبر کا کوڈ: 194691

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/194691/شیعہ-قتل-عام-اور-ٹارگٹ-کلنگ-میں-ہماری-جماعت-کا-کوئی-کردار-نہیں-مولانا-احمد-لدھیانوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org