QR CodeQR Code

فیکٹری حادثے میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایاجائیگا، نواز شریف

13 Sep 2012 22:55

اسلام ٹائمز:آگ لگنے سے متاثرہونے والی فیکٹری کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ نواز لیگ کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران بھی واقعے میں ملوث ہیں تو ان کا بھی احتساب ہو گا، ملک میں تبدیلی کی ضرورت ہے ان خراب حالات کا ذمہ دار کافی حد تک پرویز مشرف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ فیکٹری حادثے میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچاؤں گا اگر اس میں سرکاری افسر بھی ملوث ہوئے تو ان کا بھی احتساب ہو گا، ملک میں تبدیلی کی ضرورت ہے ان خراب حالات کا ذمہ دار کافی حد تک پرویز مشرف ہے۔ لاہور میں جلنے والی فیکٹری کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں فیکٹری کا واقعہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا واقعہ ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اگر اس میں مالکان کا قصور ہے تو وہی سرکاری افسران کا بھی قصور ہے، ان کا فرض تھا کہ وہ چیک کرتے کہ ان فیکٹریوں میں حفاظتی انتظامات کیسے ہیں یہاں آگ بجھانے کے آلات موجود ہیں کہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اس معاملے پر چپ نہیں رہوں گا جن لوگوں کی ذمہ داری ہے ان کو کیفرکردار تک پہنچاؤں گا۔ انہوں نے وزیر داخلہ رحمن ملک کے کراچی آتشزدگی واقعہ میں دہشت گردی کے امکان بارے بیان کے حوالے سے کہا کہ اگر اس میں دہشت گردی ہے تو اس کے حوالے سے وہی بہتر جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ فیکٹری ایکٹ کے تحت قانون پر عملدرآمد کروائے اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے، یہاں فیکٹریوں کے حوالے سے بہت سے قانون ہیں لیکن افسوس کے ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا ہماری سوسائٹی بڑی حد تک کرپٹ ہو چکی ہے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ ملک تبدیلی مانگ رہا ہے یہاں تبدیلی کی ضرورت ہے، معاملے کی تہہ تک جانا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 195238

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/195238/فیکٹری-حادثے-میں-ملوث-افراد-کو-کیفرکردار-تک-پہنچایاجائیگا-نواز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org