QR CodeQR Code

شاکر علی رضوی کا قتل بظاہر ذاتی دشمنی لگتا ہے، وزیر قانون پنجاب کی انوکھی منطق

19 Oct 2012 18:55

اسلام ٹائم:لاہور میں فرانزک لیب کے افتتاح کے بعد رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے، جس سے مزید حقائق سامنے آئیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیرقانون رانا ثنا اللہ خان نے سینئر قانون دان و عزاداری کونسل کے چیئرمین شاکر علی رضوی کے قتل کو افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بظاہر یہ واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے تاہم پولیس اس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے، بیکری ملازم تشدد کیس میں علی عمران کو شامل تفتیش کرنے کی ہدایت وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے نازک فیصلہ تھا، آج بھی کہتا ہوں کہ سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کو گورنر پنجاب نے پناہ دی تھی۔

فرانزک لیب کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ پنجاب حکومت نے امن و امان کے قیام کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے ہیں۔ شاکر علی رضوی کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، یہ قتل دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے تاہم پولیس اس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے جس مین مزید حقائق سامنے آئینگے۔ انہوں نے بیکری ملازم تشدد کیس کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ کے لئے یہ انتہائی نازک فیصلہ تھا لیکن انہوں نے اپنے داماد کو شامل تفتیش کرا کر قانون کی حکمرانی کا وعدہ پورا کر دیا۔

وزیرقانون نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی روپوشی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا آج بھی کہتا ہوں کہ اسے گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب نے پناہ دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس مجرموں کا گڑھ ہے جہاں سازشی عناصر بھی قیام پذیر ہیں اور ہر وقت سازشوں میں مصروف رہتے ہیں لیکن یہ پنجاب حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ یاد رہے کہ وزیر قانون کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ دہشت گرد گروہوں سے ان کے مراسم ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے عزاداری کونسل کے چیئرمین کے قتل کو بھی ذاتی دشمنی سے تعبیر کرنے کی کوشش کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 204821

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/204821/شاکر-علی-رضوی-کا-قتل-بظاہر-ذاتی-دشمنی-لگتا-ہے-وزیر-قانون-پنجاب-کی-انوکھی-منطق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org