QR CodeQR Code

قوم کو دیکھنا ہوگا کہ ملالہ پر حملے کا سب سے زیادہ فائدہ کس کو ہوا، ڈاکٹر وسیم اختر

28 Nov 2012 00:12

اسلام ٹائمز: امیر جماعت اسلامی پنجاب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، مخصوص این جی اوز چند ڈالروں کے عوض غیر ملکی ایجنڈے کی تکمیل میں ملک کی سلامتی سے کھیل رہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ قوم کو دیکھنا ہوگا کہ ملالہ یوسف زئی پر حملے کا سب سے زیادہ فائدہ کس کو پہنچا ہے، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، مخصوص این جی اوز چند ڈالروں کے عوض غیر ملکی ایجنڈے کی تکمیل میں ملک کی سلامتی سے کھیل رہی ہیں، محب وطن جماعتوں کو مل کر اسلام اور ملکی استحکام کے خلاف کام کرنے والوں کا راستہ روکنا ہوگا۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بلوچستان اور کراچی میں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے، دشمن ملک میں انارکی چاہتا ہے، راء، سی آئی اے اور موساد کی سرگرمیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ان کا کہنا تھا کہ سیاسی و عسکری قیادت کو 18 کروڑ عوام کے جذبات کا احترام کرنا چاہئے، ضرورت اس امر کی ہے کہ خارجہ پالیسی کو از سرنو تشکیل دیا جائے، پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ 

ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ میرٹ کے بغیر ملازمتیں اور سفارشی کلچرخطرناک مسئلہ ہے، بے روز گاری نے معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے، نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لے کر نوکری کی تلاش میں در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے جبکہ حکمران لوٹ مار کا پیسہ اکھٹا کرنے میں مصروف ہیں، ادارے خسارے میں چل رہے ہیں، حکومت اپنے آخری ایام میں ہی ایسی پالیسیاں بنادے جن سے غریب عوام کو کچھ ریلیف میسر آسکے۔


خبر کا کوڈ: 215774

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/215774/قوم-کو-دیکھنا-ہوگا-کہ-ملالہ-پر-حملے-کا-سب-سے-زیادہ-فائدہ-کس-ہوا-ڈاکٹر-وسیم-اختر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org