QR CodeQR Code

سی آئی اے نے پاکستان میں اپنے افراد کی فہرست دیدی

امریکہ اور برطانیہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کیخلاف ہیں، لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین

28 Dec 2012 20:43

اسلام ٹائمز: راولپنڈی میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں سیکرٹری دفاع نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ کے ساتھ مفادات کی بنیاد پر نئے تعلقات قائم کئے ہیں، امریکہ کا پاکستان کے ساتھ لہجہ تبدیل ہوچکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک نے کہا ہے کہ سی آئی اے نے پاکستان میں موجود اپنے افراد کی فہرست دے دی ہے، امریکہ اور برطانیہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے خلاف ہیں، امریکہ دوسرے ممالک کی ایجنسیز کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے۔ وزارت دفاع راولپنڈی میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ کے ساتھ مفادات کی بنیاد پر نئے تعلقات قائم کئے ہیں، امریکہ کا پاکستان کے ساتھ لہجہ تبدیل ہوچکا ہے۔ ایک سوال پر سیکریٹری دفاع نے کہا کہ اصغر خان کیس میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) اسلم بیگ اور سابق سربراہ آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کے بارے میں وزارت قانون کی طرف سے کوئی حکم نامہ موصول نہیں ہوا، سویلین حکومت اسلم بیگ اور اسد درانی کے خلاف کوئی کارروائی کرتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، آئی ایس آئی کا کوئی سیاسی سیل نہیں ہے۔ 

سیکریٹری دفاع نے کہا کہ پاک فوج شمالی وزیرستان میں کسی بھی وقت آپریشن کی صلاحیت اور استعداد رکھتی ہے لیکن افغان سرحد سیل کئے جانے تک ایسا کوئی آپریشن سود مند ثابت نہیں ہوگا۔ سیکرٹری دفاع نے بتایا کہ پی آئی اے کیلئے 12 نئے طیارے خریدے جا رہے ہیں، حکومت نے 4.8 ملین ڈالر جاری کر دیئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے ستمبر 2012ء سے منافع میں ہے، جب کہ 4 پائلٹس سمیت 200 افسران کو جعلی ڈگری پر برطرف کیا گیا ہے، پی آئی اے کا 2008ء میں قرض 42 ارب روپے تھا جو اب بڑھ کر 152 ارب روپے ہوچکا ہے۔


خبر کا کوڈ: 225886

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/225886/امریکہ-اور-برطانیہ-پاکستان-کے-ایٹمی-اثاثوں-کیخلاف-ہیں-لیفٹیننٹ-جنرل-ر-آصف-یاسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org