QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب اویس عقیل کے قاتلوں کو گرفتارکرائیں، لیاقت بلوچ

3 Jan 2013 06:38

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری نے منصورہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود، امیر العظیم اور ناظم پنجاب رسل خان بابر، رائے حق نواز، عبدالمقیت اور حارث سعید پر مشتمل ایک کمیشن تشکیل دیا ہے جو اس کیس کی پیروی کرے گا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ زبیر صفدر کی قیادت میں جمعیت کے وفد نے منصورہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ملاقات کی۔ زبیر صفدر نے اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے طالبعلم اور اسلامی جمعیت طلبہ کے رہنما اویس عقیل شہید کے قتل کیس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود بھی حکومت و پولیس انتظامیہ اویس عقیل کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے جس سے کارکنان میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہر اخلاقی وقانونی پہلو پر حکومت و انتظامیہ سے تعاون کیاہے اور ہم پرامن احتجاج بھی کررہے ہیں لیکن حکومت و انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہی جبکہ قاتل آزاد دندناتے پھر رہے ہیں۔
 
دریں اثنا اویس عقیل قتل کیس کے مقدمے کی پیروی کے لیے جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ کے درمیان مشترکہ کمیشن تشکیل دیا گیا اس کمیشن کے سربراہ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ہوں گے جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود، نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب امیر العظیم اور اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب رسل خان بابر، ناظم جامعہ رائے حق نواز، عبدالمقیت اور حارث سعید ہوں گے۔ یہ کمیشن عقیل شہید کے مقدمے کی پیروی کے لیے قانونی امداد فراہم کرے گا اور قاتلوں کی گرفتاری کے لیے حکومت، پولیس، تفتیشی اداروں سے ملاقاتیں کرے گا اور قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف پرامن احتجاج کا لائحہ عمل بھی ترتیب دے گا۔ 

آخر میں لیاقت بلوچ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیاکہ اویس عقیل شہید کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کے لیے وہ اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں تاکہ جمعیت کے کارکنوں میں پائے جانے والے اضطراب کا خاتمہ ہوسکے۔ اس موقع پر پنجاب کے ناظم رسل خان بابر، جامعہ پنجاب کے ناظم رائے حق نواز، عبدالمقیت اور حارث سعید بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 227622

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/227622/وزیراعلی-اور-آئی-جی-پنجاب-اویس-عقیل-کے-قاتلوں-کو-گرفتارکرائیں-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org