QR CodeQR Code

گلگت میں وزیراعلیٰ اور بیوروکریسی کے بجائے دہشت گردوں کی حکومت ہے، علامہ راحت حسینی

5 Jan 2013 10:03

اسلام ٹائمز: نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ و الجماعت گلگت نے کہا کہ علاقے میں حکومت اپنی رٹ قائم کرے اور دہشت گردوں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت میں مرکزی جامع امامیہ مسجد کے امام جمعہ و الجماعت علامہ سید راحت حسین الحسینی نے کہا ہے کہ گلگت میں وزیراعلیٰ اور بیوروکریسی کے بجائے دہشت گردوں کی حکومت ہے، جس کی وجہ سے دن بدن ظلم و بربریت اور ناانصافیاں بڑھ رہی ہیں۔ نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راحت حسینی نے کہا کہ علاقے کے امن اور اتحاد کے لئے ہمیشہ سے کردار ادا کیا اور قوائد و ضوابط پر عمل کیا مگر افسوس کہ جن افراد نے خلاف ورزیاں کیں ان کے خلاف کسی قسم کا کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، جس کے باعث حکومتی اعلانات کی قلعی کھل گئی۔ انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں عدل و انصاف نہیں ہوتا ہے، وہاں پر مختلف مسائل جنم لیتے ہیں اور اس کی وجہ سے عوام کا اعتماد بھی ختم ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں حکومت اپنی رٹ قائم کرے اور دہشت گردوں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ سید راحت حسین الحسینی نے چہلم امام حسین (ع) کے جلوسوں میں سیکیورٹی انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیف سیکریٹری، آئی جی پی، جی بی اسکاؤٹس اور پاک رینجرز کے ڈی جی مبارک باد کے مستحق ہیں، جنہوں نے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات کا اس طرح سے پورا سال بندوبست کیا جائے تو کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 228033

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/228033/گلگت-میں-وزیراعلی-اور-بیوروکریسی-کے-بجائے-دہشت-گردوں-کی-حکومت-ہے-علامہ-راحت-حسینی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org