QR CodeQR Code

ہمارا ووٹ سید الشہداء کی ملکیت ہے جسے صرف امام حسین (ع) کے لئے استعمال کریں گے، ناصر شیرازی

23 Feb 2013 21:10

اسلام ٹائمز: تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ پاکستان کے ہر انتخابی حلقہ میں نتائج پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے، ایم ڈبلیو ایم آئندہ انتخابات فیصلہ کن قوت بن کر ابھرے گی۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن شعبہ سیاسیات کی جانب سے المحسن ہال میں سیاسی مسئولین کے لئے ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی ورکشاپ میں شوریٰ کے اراکین کے علاوہ سیاسی شعبہ کے مسئولین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات ناصر شیرازی، سندھ کے سیکرٹری سیاسیات عبداللہ مطہری اور کراچی ڈویژن کے سیکرٹری سیاسیات اصغر عباس زیدی نے کیا۔ اپنے خطاب میں ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ دشمن نہیں چاہتا کہ پاکستان کی ملت تشیع ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو، دشمن آپ کو طاقتور نہیں ہونے دینا چاہتا، اس لئے اس نے ملت جعفریہ کے خلاف محاذ کھولا ہوا ہے تاکہ آپ اصل دشمن کی جانب توجہ نہ کر سکیں، پاکستان کی مقتدر قوتیں ملت جعفریہ کے متحد ہونے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، دشمن ہمارے حوصلوں کو پست کرنا چاہتا ہے اس لئے ہمارے عزاداری کے اجتماعات کو نشانہ بنایا جاتا ہے، ہماری شخصیات کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن شہادتوں کے باوجود ملت جعفریہ کا انداز جارحانہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ملت جعفریہ میں سیاسی بیداری کا آغاز کیا ہے اور خدا کا شکر ہے کہ ملت بیدار ہے اور سیاسی میدان میں مقابلے کے لئے تیار ہے، کوئٹہ کے شیعوں نے اپنے شہداء کی شہادت سے طاقت حاصل کی اور دشمن کو شکست دی، سانحہ کیرانی روڈ کوئٹہ دشمن کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، آج ہمارا لبیک یا حسین (ع) کی صدا کو بلند کرنا سنت امام سجاد اور سنت زینبی (س) ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیعہ قوم کی استقامت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک صوبے کی حکومت کو ختم کیا یہ صرف مرکزی قیادت کی بدولت ہوا ہے، ایم ڈبلیو ایم کی صورت میں مضبوط قیادت کا موجود ہونا دشمن کی شکست ہے کیونکہ یہ کام دشمن نہیں چاہتا تھا۔ ہمیں کوئی ایسا کام نہیں کرنا ہے جس سے ہمارا نظم متاثر ہو۔

ناصر شیرازی نے مزید کہا کہ ہمارے شہید زندہ ہیں، کوئٹہ کے شہداء نے پوری دنیا پر یہ ثابت کیا کہ خون پر تلوار کی فتح کس طرح ہوتی ہے، ان شہداء نے اپنی ملت کی استقامت کے ذریعے تین روزہ معرکہ کی بدولت زندہ لوگوں کو عزت و سرفرازی بخشی۔ انہوں نے کہا کہ کیا شیعوں کا خون اتنا بےتوقیر ہے کہ سیاسی جماعتیں ہمارے شہداء کے خانوادوں سے اظہار تعزیت بھی نہیں کرتیں، ہمارا ووٹ سید الشہداء کی ملکیت ہے اور اس حق کو ہم صرف امام حسین (ع) کے لئے استعمال کریں۔ ملت جعفریہ پاکستان کے ہر انتخابی حلقہ میں نتائج پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے، ایم ڈبلیو ایم آئندہ انتخابات فیصلہ کن قوت بن کر ابھرے گی۔


خبر کا کوڈ: 242006

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/242006/ہمارا-ووٹ-سید-الشہداء-کی-ملکیت-ہے-جسے-صرف-امام-حسین-ع-کے-لئے-استعمال-کریں-گے-ناصر-شیرازی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org