QR CodeQR Code

اسلامی تحریک اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اتحاد کا باضابطہ اعلان

آئندہ عام انتخابات اسلامی تحریک کے شانہ بشانہ لڑیں گے، سید یوسف رضا گیلانی

یہ اتحاد ملکی استحکام کے سلسلہ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، علامہ عارف واحدی

18 Apr 2013 19:13

اسلام ٹائمز: راجہ پرویز اشرف نے اس موقع پر کہا کہ ہم اسلامی تحریک کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کا اہم فیصلہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان آئندہ قومی انتخابات کے سلسلہ میں معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان آج اسلام آباد میں منعقدہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں دو سابق وزراء اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے علاوہ اسلامی تحریک پاکستان اور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، علامہ شبیر میثمی، سید سکندر عباس گیلانی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء شہلا رضا نے شرکت کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اسلامی تحریک آئندہ عام انتخابات ایک دوسرے کے شانہ بشانہ لڑیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی تحریک کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی کی جائے گی۔ 

اس موقع پر علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ اسلامی تحریک اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اتحاد پاکستان کی بنیادیں مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ہم جمہوریت کے استحکام اور امن کے قیام کے لئے علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنماء راجہ پرویز اشرف نے اسلامی تحریک کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے ہمارے ذاتی و سیاسی اچھے تعلقات قائم ہیں۔ ہم اسلامی تحریک کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کا اہم فیصلہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 255552

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/255552/آئندہ-عام-انتخابات-اسلامی-تحریک-کے-شانہ-بشانہ-لڑیں-گے-سید-یوسف-رضا-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org