QR CodeQR Code

بلاول بھٹو نے آزاد حیثیت میں انتخابات لڑنے والوں کی پارٹی رکنیت ختم کرنیکی منظوری دیدی

26 Apr 2013 11:55

اسلام ٹائمز: کراچی میڈیا سیل میں ایک اجلاس کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جن امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کئے ہیں وہی پارٹی کے اصل امیدوار ہیں اور انکا انتخابی نشان تیر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے ایسے رہنماوں کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے جو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بعض حلقوں میں آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور واضح طور پر کہا ہے کہ جن حلقوں میں بعض آزاد امیدوار شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بی بی اور پیپلز پارٹی کے نام پر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں، ان کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی نے جن امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کئے ہیں وہی پارٹی کے اصل امیدوار ہیں اور ان کا انتخابی نشان تیر ہے۔ وہ کراچی میڈیا سیل میں پیپلز پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماوں کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور، کوئٹہ اور پشاور کے پارٹی رہنماوں سے بھی رابطے کئے۔ پیپلز پارٹی کے اہم ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی کی حکمت عملی، امیدواروں کی انتخابی مہم سمیت اہم امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے اور عوام ہی ہماری اصل طاقت ہیں۔ بعض آمرانہ سوچ کے حامل عناصر پیپلز پارٹی پر تنقید کر رہے ہیں، لیکن ان کی تنقید سے پارٹی کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئے گی اور نہ ہی پیپلز پارٹی کے ووٹ بینک پر اس کے اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں عوام ثابت کر دیں گے کہ آج بھی ملک میں بھٹو کا فلسفہ زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی امیدوار اپنی انتخابی مہم پر بھرپور توجہ دیں اور عوام میں پارٹی کے منشور کو عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے سیاسی مخالفین کی تمام سازشوں کے باوجود جمہوری انداز میں مقابلہ کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 258070

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/258070/بلاول-بھٹو-نے-آزاد-حیثیت-میں-انتخابات-لڑنے-والوں-کی-پارٹی-رکنیت-ختم-کرنیکی-منظوری-دیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org