0
Friday 26 Apr 2013 11:55

بلاول بھٹو نے آزاد حیثیت میں انتخابات لڑنے والوں کی پارٹی رکنیت ختم کرنیکی منظوری دیدی

بلاول بھٹو نے آزاد حیثیت میں انتخابات لڑنے والوں کی پارٹی رکنیت ختم کرنیکی منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے ایسے رہنماوں کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے جو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بعض حلقوں میں آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور واضح طور پر کہا ہے کہ جن حلقوں میں بعض آزاد امیدوار شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بی بی اور پیپلز پارٹی کے نام پر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں، ان کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی نے جن امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کئے ہیں وہی پارٹی کے اصل امیدوار ہیں اور ان کا انتخابی نشان تیر ہے۔ وہ کراچی میڈیا سیل میں پیپلز پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماوں کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور، کوئٹہ اور پشاور کے پارٹی رہنماوں سے بھی رابطے کئے۔ پیپلز پارٹی کے اہم ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی کی حکمت عملی، امیدواروں کی انتخابی مہم سمیت اہم امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے اور عوام ہی ہماری اصل طاقت ہیں۔ بعض آمرانہ سوچ کے حامل عناصر پیپلز پارٹی پر تنقید کر رہے ہیں، لیکن ان کی تنقید سے پارٹی کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئے گی اور نہ ہی پیپلز پارٹی کے ووٹ بینک پر اس کے اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں عوام ثابت کر دیں گے کہ آج بھی ملک میں بھٹو کا فلسفہ زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی امیدوار اپنی انتخابی مہم پر بھرپور توجہ دیں اور عوام میں پارٹی کے منشور کو عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے سیاسی مخالفین کی تمام سازشوں کے باوجود جمہوری انداز میں مقابلہ کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 258070
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش