QR CodeQR Code

آج مذہبی رہنما مومنین کے جذبات کے ساتھ کھیل رہے ہیں، علامہ جواد نقوی

2 May 2013 10:51

اسلام ٹائمز: تحریک بیداری اُمت مصطفٰی (ص) کے روح رواں نے ملتان میں جشن سیدہ فاطمہ(س) سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تشیع پاکستان کو سیدہ کے جشن میں ہونا چاہیے تھا جبکہ وہ سیاسی دکانداری چمکانے میں مصروف ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری اُمت مصطفٰی (ص) کے روح رواں علامہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دیگر تمام تہوار منائے جاتے ہیں لیکن جناب سیدہ (س) کی ولادت کا انتظام نہیں کیا جاتا۔ حضرت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا پاکستان میں اس وجہ سے فراموش ہیں کیونکہ حضرت علی علیہ السلام نے کہا تھا کہ اے خدا ہمیں ان لوگوں سے جُدا کر دے اور ان لوگوں کو ہم سے جُدا کردے۔ کیونکہ یہ لوگ ہمارے قابل نہیں اور نہ ہی ہم ان کے قابل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں جشن ولادت سیدہ فاطمہ (س) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید جواد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ جو قوم حضرت علی و فاطمہ کا حق ادا نہ کرسکے، خدا ان ہستیوں کو ان سے جدا کرلیتا ہے۔ آج تشیع پاکستان کو سیدہ کے جشن میں ہونا چاہیے تھا جبکہ وہ سیاسی دکانداری چمکانے میں مصروف ہیں۔ 

اُنہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان میں تشیع 20جمادی الثانی کو بھول گئے ہیں اور سیاسی بھنگڑے ڈالے جا رہے ہیں۔ آج مذہبی رہنما مومنین کے جذبات کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ اس وقت سب سے اہم کام خواتین کی بیداری ہے، تاکہ خواتین اپنا مقام پہچان کر اُسے حاصل کرسکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ خواتین کو اجتہاد کی سطح تک کی تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔ ہم سب کو سیدہ سلام اللہ علیھا کی سیرت پر چلنے کی ضرورت ہے۔ جشن کی تقریب سے بزرگ عالم دین علامہ قاضی شبیر حسین علوی، مولانا محمد حسین مہدوی نے خطاب کیا جبکہ اس کے علاوہ علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ ضمیرالحسن نقوی، مولانا طاہر عباس نقوی، مولانا عون محمد نقوی، سید جاوید حسین حسینی سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ جشن ولادت سیدہ فاطمہ (س) کی اس تقریب میں خواتین ایک بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔


خبر کا کوڈ: 259952

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/259952/آج-مذہبی-رہنما-مومنین-کے-جذبات-ساتھ-کھیل-رہے-ہیں-علامہ-جواد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org