QR CodeQR Code

شام، تکفیریوں نے صحابی رسول (ص) حجر بن عدی کی قبر کھود کر مزار منہدم کر دیا

2 May 2013 19:51

اسلام ٹائمز: ایک لبنانی خبر رساں ادارے کے مطابق حجر بن عدی کا جسد خاکی صحیح و سالم ہے اور تکفیریوں نے اسے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اہلبیت نیوز ایجینسی کے مطابق شام کے تکفیری مجاہدین نے صحابی رسول (ص) اور پیرو علی ابن ابی طالب (ع) شہید حجر ابن عدی کی قبر مبارک کو کھود کر آپ کے مزار کو منہدم کر دیا ہے۔ ایک لبنانی خبر رساں ادارے کے مطابق حجر بن عدی کا جسد خاکی صحیح و سالم ہے اور تکفیریوں نے اسے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ خبر کے مطابق یہ واقع آج یعنی 2 مئی کو شام میں واقع دمشق کے مضافاتی علاقے "عدرا" میں پیش آیا۔ حجر ابن عدی قبیلہ کندی سے تعلق رکھتے تھے۔ یہ قبیلہ ایک یمنی قبیلہ ہے جس نے کوفہ کی جانب ہجرت کی۔ 35 سنہ ہجری میں حجر کندی امام علی علیہ السلام کے انصار میں شامل ہوئے۔ ہجر پچپن میں ہی اپنے بھائی ہانی بن عدی کے ہمراہ رسول خدا (ص) کی خدمت میں حاضر ہوکر مشرف بہ اسلام ہوئے۔ 

حضرت حجر بن عدی زہد و کثرت عبادت کی وجہ سے بہت مشہور تھے۔ یہاں تک کہ ان کے بارے میں روایت ہے کہ ہر شب و روز میں ایک ہزار رکعت نماز پڑھتے تھے۔ حضرت حجر بن عدی اپنی کم سنی کے باوجود پیغمبر اسلام کے بزرگ اور فاضل صحابہ میں شمار ہوتے تھے۔ آپ امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب (ع) کے خاص دوستوں میں سے تھے اور اسلامی فوج کے اعلٰی آفیسر اور جرنیل تھے۔ جنگ صفین میں قبیلہ کندہ کے امیر تھے۔ جنگ جمل، صفین اور نہروان میں آپ حضرت علی (ع) کے ہمرکاب تھے۔ حضرت حجر شجاع، زاہد و عابد صحابی اور صلحائے امت میں ایک اونچے مرتبے کے شخص تھے۔ حضرت حجر بن عدی مجیب الدعوہ تھے۔

ادھر ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس نیوز نے العالم ٹی وی چینل کے حوالے سے خبر دی ہے کہ شام میں سرگرم عمل تکفیری دہشتگردوں نے اپنی تازہ ترین دہشتگردانہ کارروائی میں دمشق کے نزدیک حضرت علی علیہ السلام کے پیارے صحابی "حضرت حجر بن عدی" کے مزار کو منہدم کر دیا ہے اور ان کا جسد خاکی جو کہ صحیح و سالم حالت میں تھا، اسے کسی نامعلوم مقام کی طرف منتقل کر دیا ہے۔ مختلف مذاہب کے علماء نے آج جمعرات کے دن شامی باغی دہشتگردوں کے ہاتھوں نبش قبر کے اس فجیع اقدام کی بھرپور مذمت کی ہے۔ حجر بن عدی 51 ہجری میں اپنے بیٹے اور چند دیگر صحابہ کرام کے ہمراہ معاویہ بن ابی سفیان کے حکم پر شہید ہوئے تھے۔ معاویہ بن ابن سفیان کے ہاتھوں شہادت کی وجہ سے اس دور میں مسلمان معاشرے کے اندر تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔ انہیں دمشق کے نزدیک "عدرا" کے علاقے میں دفن کیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق شامی تکفیری دہشتگردوں نے پہلے ان کی ضریح کو منہدم کیا اور پھر نبش قبر کرنے کے بعد ان کا جسد خاکی جو کہ صحیح و سالم حالت میں تھا، اسے نامعلوم مقام کی طرف منتقل کر دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 260154

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/260154/شام-تکفیریوں-نے-صحابی-رسول-ص-حجر-بن-عدی-کی-قبر-کھود-کر-مزار-منہدم-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org