QR CodeQR Code

آئی ٹی پی نے سید کاظم شاہ نقوی کو مشیر وزیراعلٰی سندھ کیلئے نامزد کر دیا

17 Jun 2013 01:44

اسلام ٹائمز: حیدر آباد سندھ میں منعقد ہونیوالے صوبائی جعفریہ کونسل کے اجلاس میں عہدیداران نے ووٹنگ کے ذریعے مرکزی نائب صدر ایس یو سی سید کاظم شاہ نقوی کو صوبائی مشیر کے عہدے کیلئے متفقہ امیدوار نامزد کر دیا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مابین حالیہ قومی انتخابات کے موقع پر طے پانے والے معاہدے کے تحت پہلے مرحلے میں سندھ میں آئی ٹی پی کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی بھرپور حمایت اور سندھ میں پی پی پی کی کامیابی کے بعد گذشتہ دنوں نو منتخب ڈپٹی اسپیکر سندھ و رہنما پی پی پی سیدہ شہلا رضا نے اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے خصوصی ملاقات کی، اور انتخابات میں بھرپور حمایت اور تعاون پر انہیں صدر مملکت کی طرف سے باضابطہ طور پر شکریے کا پیغام پہنچایا۔ علاوہ ازیں حکومت سندھ میں شمولیت کے لئے اسلامی تحریک پاکستان سے معاہدے کے تحت ایک مشیر  نامزد کرنے کا تقاضا کیا تھا، جس کے بعد سربراہ آئی ٹی پی نے سیاسی سیل سے مشاورت کے بعد صوبائی جعفریہ کونسل سندھ کو متفقہ طور پر مشیر کیلئے امیدوار منتخب کرنے کا اختیار دیا تھا۔
اس سلسلے میں گذشتہ روز حیدر آباد سندھ میں منعقد ہونے والے صوبائی جعفریہ کونسل کے اجلاس میں عہدیداران نے ووٹنگ کے ذریعے مرکزی نائب صدر ایس یو سی سید کاظم شاہ نقوی کو صوبائی مشیر کے عہدے کیلئے متفقہ امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سیاسی سیل کی جانب سے سید کاظم شاہ نقوی کا نام وزیراعلٰی سیکرٹریٹ سندھ ارسال کرنے کے بعد توقع ہے کہ وہ بہت جلد مشیر وزیراعلٰی سندھ کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 274174

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/274174/آئی-ٹی-پی-نے-سید-کاظم-شاہ-نقوی-کو-مشیر-وزیراعل-ی-سندھ-کیلئے-نامزد-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org