QR CodeQR Code

مصر میں مظاہرین کا صدر مرسی کو 48 گھنٹوں میں عہدے سے استعفیٰ دینے کا الٹی میٹم

1 Jul 2013 18:46

اسلام ٹائمز: ایک رپورٹ کے مطابق صدارتی محل کے پاس مظاہرین نے خیمے لگا لئے ہیں اور بدستور مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ اطلاعات ہیں کہ پولیس بھی مظاہرین میں شامل ہوچکی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مصر میں صدر مرسی کے مخالف دھڑوں نے آج سے دوبارہ مظاہرے شروع کردیئے ہیں لیکن اس مرتبہ یہ مظاہرے صدارتی محل کے پاس ہو رہے ہیں۔ الیوم السابع کے مطابق گذشتہ روز مصری عوام نے قاہرہ اور دیگر شہروں میں عظیم مظاہرے کرکے صدر مرسی کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ان مظاہروں میں ایک کروڑ ستر لاکھ افراد نے شرکت کی تھی۔ اس رپورٹ کے مطابق صدارتی محل کے پاس مظاہرین نے خیمے لگا لئے ہیں اور بدستور مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اجتماع کرنے والوں نے ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھے ہیں جن پر صدر مرسی کے استعفی کے مطالبے دیکھے جاسکتے ہیں۔ ادھر اطلاعات ہیں کہ پولیس بھی مظاہرین میں شامل ہوچکی ہے۔

مظاہرین نے وزیر دفاع سے مطالبہ کیا ہے کہ مرسی کو ہٹانے اور مظاہرین کی حمایت کے لئے میدان میں اتر آئيں۔ گذشتہ روز کے مظاہروں میں چھے افراد ہلاک اور چھے سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ صدر مرسی کے مخالفین ان کے استعفی یا قبل از وقت انتخابات کے خواہاں ہیں۔ ادھر تحریک جواناں مصر نے صدر مرسی کو اڑتالیس گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر صدر نے استعفی نہیں دیا تو ملک بھر میں نئے سرے سے مظاہرے ہونگے۔


خبر کا کوڈ: 278588

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/278588/مصر-میں-مظاہرین-کا-صدر-مرسی-کو-48-گھنٹوں-عہدے-سے-استعفی-دینے-الٹی-میٹم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org