QR CodeQR Code

اساتذہ پر تشدد ہوا ہے تو میڈیکل رپورٹ سامنے لائی جائے،اسلامی جمعیت

1 Dec 2013 20:11

اسلام ٹائمز:پنجاب یونیورسٹی میں جمعیت کے ناظم عبدالمقیت کا کہنا ہے کہ وائس چانسلر نے مسائل حل کرنے کے بجائے ڈھونگ رچا دیا ہے، جمعیت اساتذہ کا احترام کرتی ہے، ہمارے خلاف پروپیگنڈہ بند کیا جائے، پنجاب حکومت بھی طلبا کیساتھ نارواسلوک بند کرئے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے ناظم عبدالمقیت نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ طلبہ و طالبات کے حقوق کیلئے چلنے والی تحریک کا رخ موڑنے کیلئے وائس چانسلر نے ڈھونگ رچایا ہے، یونیورسٹی میں طلبا و طالبات نے اپنے مسائل کے حل کیلئے مہم چلا رکھی تھی جس پروائس چانسلر نے مسائل حل کرنے کی بجائے یونیورسٹی میں طلبا کے خلاف ایک نیا محاذ کھول دیا۔ اسلامی جمعیت طلبہ مطالبہ کرتی ہے کہ جن اساتذہ پر تشدد ہوا ہے ان کی میڈیکل رپورٹ میڈیا کو پیش کی جائے، تشدد کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیااور اس کے علاوہ سی سی ٹی وی سے ملنے والی ویڈیو جعلی ہے جس میں کسی بھی طرح تشدد کا الزام ثابت نہیں ہوتا۔ الیکٹرانک میڈیا نے یہ ویڈیو بغیر تصدیق کے چلائی ہے۔

اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے ناظم عبدالمقیت نے کہا ہے کہ وزیر تعلیم اور پنجاب حکومت اس معاملے کی تحقیق کرانے کی بجائے اسلامی جمعیت طلبہ کی عداوت پر اتر آئے ہیں، پنجاب یونیورسٹی کے طلبا پچھلے دس دنوں سے وزیر تعلیم سے ملاقات کیلئے کوشش کر رہے تھے مگر انھوں نے انکار کر دیا۔ طلبا کا وفد اپنے مسائل کیلئے وزیر تعلیم سے ملاقات کرنا چاہتا تھا ۔ انھوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور جمعیت کیخلاف درج کیے جانے والے کیسیز واپس لیے جائیں اور جمعیت کے بے گناہ کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ طلبا و طالبات کے ہاسٹل اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کیا جائے، اسلامی جمعیت طلبہ اساتذہ کا احترام کرتی ہے اور طلبا کی نمائندہ تنظیم ہے، لہٰذا اسلامی جمعیت طلبہ کے خلاف پراپیگنڈہ بند کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ طلبا و طالبات کے صبر کا امتحان لیا جا رہا ہے، حکومت پنجاب طلبا کے ساتھ ناروا سلوک بند کرے۔


خبر کا کوڈ: 326474

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/326474/اساتذہ-پر-تشدد-ہوا-ہے-میڈیکل-رپورٹ-سامنے-لائی-جائے-اسلامی-جمعیت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org