QR CodeQR Code

تسلسل کیساتھ دہشت گردی کے واقعات افسوسناک ہیں، اطہر عمران

21 Jan 2014 22:48

اسلام ٹائمز: آئی ایس او پاکستان کے مزکری صدر کا کوئٹہ میں زائرین پر حملے کیخلاف اپنے مذمتی بیان میں کہنا تھا کہ دہشت گرد آئے روز بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور حکمران صرف مذمتی بیان دے کر عہدہ برا ہو جاتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے کوئٹہ میں زائرین کی بس پر حملہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسے وفاقی حکومت کی نااہلی سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور مذمتی قراردادوں سے باہر نکل کر دہشت گردوں کیخلاف عملی کردار ادا کرے۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد آئے روز معصوم جانوں کے ساتھ کھیل کر ملک کو عدم استحکام کی طرف لے کر جا رہے ہیں اور حکومتی اہلکار ہیں کہ مذمتی بیانوں کے علاوہ کچھ نہیں کر رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تسلسل کیساتھ ہونے والے قتل عام کی بنیادی وجہ حکومت کی مذاکراتی پالیسی ہے، دہشت گرد وزیرستان سے نکل کر ملک کے گوش و کنار میں پھیل چکے ہیں، ملک بھر میں طالبان کے خلاف ایک بھرپور آپریشن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طالبان کے ٹھکانوں پر پاک فضائیہ کی طرف سے کی گئی بمباری کی بھرپور تائید کی اور ایسے ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بزدلی کا مظاہرہ نہ کرے اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں مزید تیزی لائے۔


خبر کا کوڈ: 343564

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/343564/تسلسل-کیساتھ-دہشت-گردی-کے-واقعات-افسوسناک-ہیں-اطہر-عمران

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org