QR CodeQR Code

دہشتگردوں کی وکالت اوج پر

طالبان آئین کی جنگ لڑ رہے ہیں، ان کیخلاف آپریشن ملک میں آگ لگا دیگا، مولانا سمیع الحق

5 Feb 2014 15:29

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب میں ڈی پی سی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہماری کمیٹی نہ حکومت کی ہے اور نہ طالبان کی، ہم حکومت اور طالبان کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق کہتے ہیں طالبان آئین کی بالادستی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ان کے خلاف آپریشن پورے ملک میں آگ لگا دے گا۔ طالبان بڑے ہوشیار ہیں، خود سامنے آنے کے بجائے اپنی لڑائی کے لئے تین رکنی کمیٹی کو آگے کر دیا۔ اسلام آباد میں دفاع پاکستان کونسل سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ مذاکرات طالبان اور حکومت کے درمیان ہونے ہیں۔ طالبان بڑے ہوشیار ہیں، طالبان نے مذاکرات کے لئے تین رکنی کمیٹی کو آگے کر دیا۔ اس سے پہلے دفاع پاکستان کونسل سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت بے اختیار ہے جو ڈرون حملے بند نہیں کرا سکتی۔ سربراہ دفاع پاکستان کونسل نے کہا کہ طالبان آئین اور دستور کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کے خلاف آپریشن پورے ملک میں آگ لگا دے گا۔ مولانا سمیع الحق نے کہا نائن الیون کے بعد مشرف کی پالیسیوں سے ملک عذاب میں پڑگیا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ ہماری کمیٹی نہ حکومت کی ہے اور نہ طالبان کی، ہم حکومت اور طالبان کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے، اسلام آباد میں دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب میں سمیع الحق نے کہا کہ حکومتی کمیٹی کو بتایا کہ ہمارے پاس اختیار ہیں، مگر آپ بے اختیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم مذاکرات کی حمایت کرے، مذاکرات کے معاملے کو متنازع نہیں بنایا جائے۔ حکمرانوں نے آئین کو پامال کیا ہے اور طالبان آئین پر عملدآمد کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ سمیع الحق کا کہنا ہے کہ سرکاری کمیٹی کے تمام ممبران نے مجھ سے رابطہ کیا ہے، تاہم آج حکومتی کمیٹی سے مذاکرات ممکن نہیں، یوم کشمیر کے حوالے سے مصروف ہیں۔ 


خبر کا کوڈ: 348609

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/348609/طالبان-ا-ئین-کی-جنگ-لڑ-رہے-ہیں-ان-کیخلاف-ا-پریشن-ملک-میں-ا-گ-لگا-دیگا-مولانا-سمیع-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org