QR CodeQR Code

مشرق وسطٰی اور پڑوسی ممالک کی سلامتی خطرے میں پڑجائیگی

سعودی عرب کیجانب سے شامی باغیوں کو بھاری اسلحہ کی فراہمی پر روس کا اظہار تشویش

26 Feb 2014 09:05

اسلام ٹائمز: روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اردن میں موجود مسلح شامی باغیوں کو اسلحے کی فراہمی کا مقصد صدر بشار الاسد کی حکومت کیخلاف باغیوں کے آئندہ حملے میں طاقت کے توازن کو تبدیل کرنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ روس نے سعودی عرب کو خبردار کیا ہے کہ شام کے جنگجووٴں کو بھاری اسلحہ کی فراہمی مشرق وسطٰی اور پڑوسی ملکوں کی سلامتی خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگی۔ روسی وزارت خارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے شام کے جنگجووٴں کو پاکستانی ساختہ میزائل لانچر اور ٹینک شکن نظام فراہم کرنے کے منصوبے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اردن میں موجود مسلح شامی باغیوں کو اسلحے کی فراہمی کا مقصد صدر بشار الاسد کی حکومت کیخلاف باغیوں کے آئندہ حملے میں طاقت کے توازن کو تبدیل کرنا ہے۔ اگر یہ حساس ہتھیار انتہاء پسندوں اور دہشت گردوں کے ہاتھ میں چلے گئے تو انجام کار امکان ہے کہ یہ ہتھیار دیگر ملکوں میں بھی استعمال ہوں گے۔ سعودی عرب کے ایسے کسی اقدام سے مشرق وسطٰی میں امن کو نقصان پہنچے گا۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق روس اور سعودی عرب کے درمیان طویل عرصے سے موجود کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔ شام کے بحران میں ماسکو صدر بشار الاسد کا اتحادی ہے جبکہ ریاض کھل کر شامی باغیوں کی حمایت کر رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 355590

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/355590/سعودی-عرب-کیجانب-سے-شامی-باغیوں-کو-بھاری-اسلحہ-کی-فراہمی-پر-روس-کا-اظہار-تشویش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org