QR CodeQR Code

وزیراعلٰی پنجاب کی زیر صدارت اعلٰی سطحی اجلاس، کور کمانڈر لاہور سے ملاقات

قوم فوج کی پشت پر کھڑی ہے، آپریشن کو نتیجہ خیز بنائیںگے، شہباز شریف

17 Jun 2014 02:50

اسلام ٹائمز: کور کمانڈر لاہور سے ملاقات میں وزیر اعلٰی پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب میں عوام کی جان و مال اور قومی املاک کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کر لئے گئے ہیں، ملک کے مستقبل کو محفوظ اور پرامن بنانے کیلئے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے ملاقات کی جس میں شمالی وزیرستان میں آپریشن کے ممکنہ ردعمل میں پنجاب میں سکیورٹی معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے ماڈل ٹاؤن میں وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں شمالی وزیرستان میں آپریشن کے بعد ممکنہ ردعمل کے لئے کئے گئے اقدامات اور سکیورٹی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں حکومت کو قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن نتیجہ خیز ہوگا۔ قوم فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں عوام کی جان و مال اور قومی املاک کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کرلئے گئے۔ بعد ازاں وزیراعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں کور کمانڈ لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل خان طاہر، جنرل آفیسرز کمانڈنگ، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں حساس مقامات اور اہم عمارات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مستقبل کو محفوظ اور پرامن بنانے کیلئے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ ضروری ہے۔ ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کا وقت آ گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 392642

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/392642/قوم-فوج-کی-پشت-پر-کھڑی-ہے-ا-پریشن-کو-نتیجہ-خیز-بنائیںگے-شہباز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org