0
Tuesday 17 Jun 2014 02:50
وزیراعلٰی پنجاب کی زیر صدارت اعلٰی سطحی اجلاس، کور کمانڈر لاہور سے ملاقات

قوم فوج کی پشت پر کھڑی ہے، آپریشن کو نتیجہ خیز بنائیںگے، شہباز شریف

قوم فوج کی پشت پر کھڑی ہے، آپریشن کو نتیجہ خیز بنائیںگے،  شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے ملاقات کی جس میں شمالی وزیرستان میں آپریشن کے ممکنہ ردعمل میں پنجاب میں سکیورٹی معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے ماڈل ٹاؤن میں وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں شمالی وزیرستان میں آپریشن کے بعد ممکنہ ردعمل کے لئے کئے گئے اقدامات اور سکیورٹی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں حکومت کو قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن نتیجہ خیز ہوگا۔ قوم فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں عوام کی جان و مال اور قومی املاک کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کرلئے گئے۔ بعد ازاں وزیراعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں کور کمانڈ لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل خان طاہر، جنرل آفیسرز کمانڈنگ، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں حساس مقامات اور اہم عمارات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مستقبل کو محفوظ اور پرامن بنانے کیلئے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ ضروری ہے۔ ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 392642
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش