QR CodeQR Code

کراچی، ایس ایچ او پریڈی غضنفر کاظمی قتل کیس میں کئی ملزمان زیر حراست

17 Aug 2014 21:27

اسلام ٹائمز: زیر حراست ملزمان کے نام صیغہ راز میں رکھتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے، چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، آئندہ چند روز میں تفتیشی پولیس غضنفر کاظمی کے قاتلوں کا سراغ لگانے میں کامیاب ہو جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ ایس ایچ او پریڈی انسپکٹر غضنفر کاظمی کے قتل کے شبے میں کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن کے نام صیغہ راز میں رکھتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے، تفتیشی پولیس کی جانب سے چھاپوں کا سلسلہ مزید بھی جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں تفتیشی پولیس غضنفر کاظمی کے قاتلوں کا سراغ لگانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی پولیس فائرنگ کے واقعے سے قبل انسپکٹر غضنفر کاظمی کے روٹ کے مقام پر لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس سے تفتیش میں مزید اہم پیشرفت کی امید ہے۔ انھوں نے بتایا کہ غضنفر کاظمی کے قتل کے جائے وقوعہ سے ملنے والی نائین ایم ایم پستول کے خولوں کی فرانزک لیبارٹری میں میچنگ کا عمل جاری ہے تاہم اب تک فرانزک ماہرین کو کسی قسم کی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔ تفتیشی پولیس غضنفر کاظمی کے موبائل فون کا کال ڈیٹا بھی حاصل کر لیا ہے جبکہ تفتیشی پولیس قتل کی جیو فینسنگ کرانے پر بھی غور کر رہی ہے ادھر انسپکٹر غضنفر کاظمی کے قتل کی تفتیش ایس آئی او نبی بخش سے ایس آئی او گارڈن منتقل کر دی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 405274

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/405274/کراچی-ایس-ایچ-او-پریڈی-غضنفر-کاظمی-قتل-کیس-میں-کئی-ملزمان-زیر-حراست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org