QR CodeQR Code

ٹی وی پر کوریج نہ ملے تو دھرنے ختم ہوجائینگے

اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق کیلئے اکٹھے آنے کی تحریک انصاف کی درخواست قبول کرلی

13 Oct 2014 16:37

اسلام ٹائمز: میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ لگتا ہے پی ٹی آئی کے ارکان ایک دوسرے کی انگلی پکڑ کر آنا چاہتے ہیں، اسپیکر نے بتایا کہ استعفے کی تصدیق کیلئے عمران خان کو آج طلب کر رکھا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے استعفوں کی تصدیق کے لئے اکٹھے آنے کی تحریک انصاف کی درخواست قبول کر لی، کہتے ہیں کہ ٹی وی پر کوریج نہ ملے تو دھرنے ختم ہوجائینگے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کو ايک سال کيلئے کامن ويلتھ پارليمانی ايسوسی ايشن کی صدارت مل گئی ہے اور پاکستان اگلے سال اکسٹھویں کامن ويلتھ پارليمانی کانفرنس کی ميزبانی کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ برطانيہ، کينيڈا اور آسٹريليا نے دھرنوں اور دہشتگردی کی وجہ سے پاکستان ميں کانفرنس کے انعقاد کی مخالفت کی، تاہم ایشیا اور افریقہ نے کانفرنس کے پاکستان میں انعقاد کی حمایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ حالات کے باعث ہم اپنا کام روک دیں، اگر ٹی وی پر کوریج نہ ملے تو دھرنے ختم ہوجائینگے۔ ایک سوال پر ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان استعفوں کے معاملے پر بہانے کر رہے ہیں، وہ اگر اکٹھے آنا چاہتے ہیں تو میرے دروازے ان کے لئے کھلے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے پی ٹی آئی کے ارکان ایک دوسرے کی انگلی پکڑ کر آنا چاہتے ہیں، اسپیکر نے بتایا کہ استعفے کی تصدیق کے لئے عمران خان کو آج طلب کر رکھا ہے، اگر عمران خان قومی اسمبلی کے رکن رہے تو آئندہ سال انہیں بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینگے۔


خبر کا کوڈ: 414421

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/414421/اسپیکر-قومی-اسمبلی-نے-استعفوں-کی-تصدیق-کیلئے-اکٹھے-آنے-تحریک-انصاف-درخواست-قبول-کرلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org