QR CodeQR Code

گوملزام ڈیم سے پانی نہ ملنے کیخلاف ڈی آئی خان میں گنڈہ پور قوم کا احتجاجی مظاہرہ

10 Nov 2014 21:05

اسلام ٹائمز: ہتھالہ چوک پر اسماعیل خان گنڈہ پور کی قیادت میں سینکڑوں مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر ڈی آئی خان، ٹانک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ کثیر لاگت سے ڈیم کی تعمیر مکمل ہونے کے باوجود پانی نہیں دیا جارہا، انتظامیہ سیاسی جانبداری سے کام لے رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہتھالہ چوک پر گنڈہ پور قبائل نے گوملزام ڈیم سے پانی نہ ملنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ مظاہرے کی قیادت اسماعیل خان گنڈہ پور نے کی۔ سینکڑوں مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلا کر ڈیرہ ٹانک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ جس کی وجہ سے ڈی آئی خان سے جنوبی وزیرستان جانیوالی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کثیر لاگت سے گوملزام ڈیم اور اسکی ذیلی نہروں کی تعمیر مکمل ہونے کے باوجود انتظامیہ سیاسی جانبداری سے کام لیتے ہوئے تحصیل کلاچی کو پانی فراہم نہیں کررہی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پانی گنڈہ پور قوم کا حق ہے اور اپنے حق کے حصول کیلئے کسی بھی قسم کا احتجاج کریں گے۔ 
اس موقع پر اسماعیل خان، صلاح الدین خان، سلیمان خان، نورنگ خان گنڈہ پور نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ تحصیل کلاچی کی حالت تھر پارکر سے بھی بدتر ہے۔ بچے صاف پانی کی عدم دستیابی سے مر رہے ہیں اور جانوروں کیلئے چارہ تک میسر نہیں۔ علاقے کے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر پانی بحال نہیں کیا گیا تو احتجاج کا سلسلہ وسیع کریں گے۔ مظاہرے کے دوران پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔


خبر کا کوڈ: 418906

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/418906/گوملزام-ڈیم-سے-پانی-نہ-ملنے-کیخلاف-ڈی-ا-ئی-خان-میں-گنڈہ-پور-قوم-کا-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org