QR CodeQR Code

ڈی آئی خان میں ڈاکٹروں کی غفلت سے 3 نوزائیدہ بچے ہلاک

16 Nov 2014 21:36

اسلام ٹائمز: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال زنانہ میں رات گئے تک کوئی ڈاکٹر دستیاب نہیں تھا، انتظامیہ نے والدین کے اصرار پر ڈاکٹرز سے رابطہ بھی کیا، مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا، بروقت درست طبی امداد نہ ملنے کے باعث تین نوزائیدہ بچے دم توڑ گئے، ایم ایس نے چھ رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اینڈ ٹیچنگ ہسپتال زنانہ میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت اور غیر حاضری نے 3 نوزائیدہ بچوں کی جان لے لی۔ لواحقین کا نعشیں ہسپتال کے گیٹ پر رکھ کر انتظامیہ کیخلاف احتجاج، جس پر ایم ایس نے 6 رکنی انکوائری کمیٹی قائم کردی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اینڈ ٹیچنگ ہسپتال زنانہ ڈیرہ میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث ہسپتال میں داخل تین نوزائیدہ بچے دم توڑ گئے۔ بچوں کے والدین اور لواحقین نے الزام عائد کیا کہ ہسپتال میں ڈاکٹر ڈیوٹی سے غائب تھے، اس حوالے سے ذمہ داران سے رابطہ بھی کیا گیا تاہم کوئی ڈاکٹر ڈیوٹی پر نہ آیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ رات گئے ڈاکٹرز سے رابطے کئے گئے مگر کوئی ڈاکٹر حاضر نہیں ہوا، جس کے باعث نوزائیدہ بچے بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونیوالے بچوں کے والدین اور دیگر لواحقین نے نعشیں ہسپتال کے گیٹ پر رکھ کر احتجاج کیا اور روڈ بلاک کرکے ہسپتال انتظامیہ اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔ اطلاع ملتے ہی کینٹ پولیس اور ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اینڈ ٹیچنگ ہسپتال موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے مذاکرات کئے۔ اس موقع پر ایم ایس نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے 6 رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی۔ بعد ازاں انتظامیہ کی یقین دہانی پرمظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا اور روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 419839

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/419839/ڈی-آئی-خان-میں-ڈاکٹروں-کی-غفلت-سے-3-نوزائیدہ-بچے-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org