0
Sunday 16 Nov 2014 21:36

ڈی آئی خان میں ڈاکٹروں کی غفلت سے 3 نوزائیدہ بچے ہلاک

ڈی آئی خان میں ڈاکٹروں کی غفلت سے 3 نوزائیدہ بچے ہلاک
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اینڈ ٹیچنگ ہسپتال زنانہ میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت اور غیر حاضری نے 3 نوزائیدہ بچوں کی جان لے لی۔ لواحقین کا نعشیں ہسپتال کے گیٹ پر رکھ کر انتظامیہ کیخلاف احتجاج، جس پر ایم ایس نے 6 رکنی انکوائری کمیٹی قائم کردی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اینڈ ٹیچنگ ہسپتال زنانہ ڈیرہ میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث ہسپتال میں داخل تین نوزائیدہ بچے دم توڑ گئے۔ بچوں کے والدین اور لواحقین نے الزام عائد کیا کہ ہسپتال میں ڈاکٹر ڈیوٹی سے غائب تھے، اس حوالے سے ذمہ داران سے رابطہ بھی کیا گیا تاہم کوئی ڈاکٹر ڈیوٹی پر نہ آیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ رات گئے ڈاکٹرز سے رابطے کئے گئے مگر کوئی ڈاکٹر حاضر نہیں ہوا، جس کے باعث نوزائیدہ بچے بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونیوالے بچوں کے والدین اور دیگر لواحقین نے نعشیں ہسپتال کے گیٹ پر رکھ کر احتجاج کیا اور روڈ بلاک کرکے ہسپتال انتظامیہ اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔ اطلاع ملتے ہی کینٹ پولیس اور ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اینڈ ٹیچنگ ہسپتال موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے مذاکرات کئے۔ اس موقع پر ایم ایس نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے 6 رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی۔ بعد ازاں انتظامیہ کی یقین دہانی پرمظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا اور روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 419839
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش