QR CodeQR Code

غداری کیس میں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیلئے حکومت کو 2ہفتے کی مہلت مل گئی

9 Dec 2014 15:57

اسلام ٹائمز: جسٹس طاہرہ صفدر نے پراسیکیوٹر اکرم شیخ سے پوچھا کہ کیا آپ عدالتی فیصلے پر ایک ہفتے میں عمل کر سکتے ہیں یا نہیں، پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہا کہ عمل میں نے نہیں حکومت نے کرنا ہے۔ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کے لئے قانونی اور آئینی ماہرین سے مشاورت جاری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس میں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کے لئے حکومت کو دو ہفتوں کی مہلت دے دی ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ عمل درآمد رپورٹ سات جنوری تک جمع کرائی جائے۔ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت خصوصی عدالت میں جسٹس طاہرہ صفدر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔ جسٹس طاہرہ صفدر نے پراسیکیوٹر اکرم شیخ سے پوچھا کہ کیا آپ عدالتی فیصلے پر ایک ہفتے میں عمل کر سکتے ہیں یا نہیں، پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہاکہ عمل میں نے نہیں حکومت نے کرنا ہے۔ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کے لئے قانونی اور آئینی ماہرین سے مشاورت جاری ہے۔ عدالتی چھٹیاں بھی ہیں عمل درآمد میں دو ہفتے بھی لگ سکتے ہیں۔ اکرم شیخ نے کہاکہ پہلی دفعہ حکومت نے خصوصی عدالت تشکیل دی ہے یہ حکومت پر منحصر ہے کہ وہ عدالتی حکم کو چیلنج کرتی ہے یا نہیں۔ اکرم شیخ نے عدالت سے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کے لئے دو ہفتے مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت آٹھ جنوری تک ملتوی کردی۔ خصوصی عدالت نے 21 نومبر کو حکم دیا تھا کہ غداری کیس میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر اور سابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے نام بھی شامل کئے جائیں۔


خبر کا کوڈ: 424472

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/424472/غداری-کیس-میں-عدالتی-فیصلے-پر-عمل-درآمد-کیلئے-حکومت-کو-2ہفتے-کی-مہلت-مل-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org