QR CodeQR Code

مخدوم امین فہیم اور پرویز مشرف کے درمیان ملاقات کو غلط رنگ نہ دیا جائے، خورشید شاہ

20 Dec 2014 17:18

اسلام ٹائمز: کراچی میں امین فہیم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ امین فہیم کے پارٹی سے اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، وہ پارٹی قیادت یا پارٹی رہنماؤں سے ناراض نہیں، جبکہ ہماری ان سے ملاقات طے شدہ تھی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ مخدوم امین فہیم کے پارٹی سے کوئی اختلافات نہیں، انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف سے ملاقات چھپ کر نہیں بلکہ سرعام کی ہے۔ کراچی میں پیپلز پارٹی کے صدر مخدوم امین فہیم کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ امین فہیم کے پارٹی سے اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، وہ پارٹی قیادت یا پارٹی رہنماؤں سے ناراض نہیں، جبکہ ہماری ان سے ملاقات طے شدہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ امین فہیم نے سابق صدر پرویز مشرف سے ایک تقریب کے دوران کسی سے چھپ کر نہیں بلکہ سرعام ملاقات کی تھی، جبکہ ہم نے اس ملاقات سے متعلق ان سے دریافت کیا، تاہم سیاسی لوگوں کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور ماضی میں بھی امین فہیم پرویز مشرف سے ملاقات کر چکے ہیں، اس میں کوئی نئی بات نہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ امین فہیم اور سابق صدر کے درمیان ملاقات کو غلط رنگ نہ دیا جائے۔ اس موقع پر موجود سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ امین فہیم پارٹی سے ناراضگی کا سوچ بھی نہیں سکتے، وہ پارٹی صدر ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 427008

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/427008/مخدوم-امین-فہیم-اور-پرویز-مشرف-کے-درمیان-ملاقات-کو-غلط-رنگ-نہ-دیا-جائے-خورشید-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org