QR CodeQR Code

مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں امن کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، فرید پراچہ

5 Feb 2015 20:27

اسلام ٹائمز: لاہور میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جماعت اسلامی کے زیراہتمام ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ بھارت نے ڈھونگ الیکشن کے ذریعے عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی مگر انتخابات کے بعد کی صورتحال نے بھارت کو کشمیر میں گورنر راج نافذ کرنے پر مجبور کر دیا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام ناصر باغ سے اسمبلی ہال تک کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں ہزاروں خواتین اور بچے بھی شریک ہوئے۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد، ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی عبدالغفار عزیز، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب نذیر احمد جنجوعہ و دیگر نے کی۔ ریلی اسمبلی ہال پہنچ کر بڑے جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی۔ یہاں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری بھارت کے پنجۂ استبداد سے آزاد ہوں گے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف جلد فیصلہ کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں امن کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے بھارت ظالمانہ ہتھکنڈے آزما رہا ہے۔ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج نے کشمیریوں کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ڈھونگ الیکشن کے ذریعے عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی مگر انتخابات کے بعد کی صورتحال نے بھارت کو کشمیر میں گورنر راج نافذ کرنے پر مجبور کر دیا۔


خبر کا کوڈ: 437702

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/437702/مسئلہ-کشمیر-جنوبی-ایشیا-میں-امن-کے-قیام-سب-سے-بڑی-رکاوٹ-ہے-فرید-پراچہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org