خیبر پی کے، پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی الیکشن آج حتمی تاریخ دی جائے، سپریم کورٹ
27 Feb 2015 13:52
اسلام ٹائمز: عدالت نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن صوبہ سندھ، خیبر پی کے اور پنجاب سے کہا ہے کہ وہ آپس میں میٹنگ کرکے عدالت کو بتائیں کہ کب تک انتخابات کرا دینگے۔ الیکشن کمیشن صوبہ پنجاب، سندھ اور خیبر پی کے حکومت میٹنگ میں معاملات طے کرکے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ دیں، عدالت نے قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 140-Aکے تحت صوبائی حکومتیں عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی پابند ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمشن سے پنجاب، سندھ اور خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے حوالے سے حتمی تاریخ آج طلب کرلی ہے۔ سپریم کورٹ نے پوچھا ہے کہ بتایا جائے کہ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے ذمہ دار کون ہیں۔ عوام اور آئین کے ساتھ مذاق بند کیا جائے۔ خیبر پی کے، سندھ اور پنجاب تحریری یقین دہانی کرائیں کہ وہ الیکشن کمشن کی تاریخ پر انتخابات کرائیں گے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہ ہونے سے مسائل کا سامنا ہے۔ پنجاب اور سندھ بتائیں بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرا رہے۔ بلدیاتی انتخابات کرانا ہمارا حکم نہیں، آئین کا تقاضا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن صوبہ سندھ، خیبر پی کے اور پنجاب سے کہا ہے کہ وہ آپس میں میٹنگ کرکے عدالت کو بتائیں کہ کب تک انتخابات کرا دینگے۔ الیکشن کمیشن صوبہ پنجاب، سندھ اور خیبر پی کے حکومت میٹنگ میں معاملات طے کرکے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ دیں، عدالت نے قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 140-Aکے تحت صوبائی حکومتیں عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی پابند ہیں۔ عدالت آئینی ذمہ دایوں سے آنکھیں بند کرکے نہیں بیٹھ سکتی، مزید تاخیر برداشت نہیں کی جاسکتی۔ دوران سماعت جسٹس جواد یس خواجہ نے کہا کہ سیاست میں مصلحت ہوگی مگر عدالت کو کوئی مصلحت درپیش نہیں، کیا مشکلات میں آئین کو اٹھا کر بالائے طاق رکھ دیا جائے؟ عدالت کی کوئی انا یا مفاد نہیں، آئین نے جو اختیارات عدالت کودیئے ہیں ان پر عمل درآمد کراتے ہوئے عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنانا ہے، سارے کام عدالت نے نہیں کرنے مگر یوں محسوس ہوتا ہے کہ صرف درد ججز کو ہی ہے کیونکہ بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمشن، نیب، پولیس معاملات ہر چیز کو عدالت ہی چلارہی ہے
خبر کا کوڈ: 443584