QR CodeQR Code

سانحہ یوحنا آباد، مظاہرین کے ہاتھوں جلائے جانیوالے دوسرے شخص کی شناخت بھی ہوگئی

17 Mar 2015 23:21

اسلام ٹائمز: جلائے جانے والے ایک شخص کی شناخت حافظ نعیم کے نام سے ہوئی تھی، جبکہ دوسرا شخص بابر نعمان ہے، جو کہ سرگودھا کا رہائشی تھا، اور گجومتہ میں کپڑے کی فیکٹری میں کام کرتا تھا، ورثا کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بابر نعمان کی لاش ان کے حوالے کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں یوحنا آباد سانحہ میں مظاہرین کے ہاتھوں تشدد کے بعد قتل ہونے والے دوسرے شخص کی بھی شناخت ہو گئی ہے۔ یوحنا آباد میں گرجا گھروں میں ہونے والے خود کش دھماکوں کے بعد مشکوک سمجھ کر مظاہرین نے 2 افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور اس کے بعد انہیں پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی تھی۔ جلائے جانے والے ایک شخص کی شناخت حافظ نعیم کے نام سے ہوئی تھی جبکہ دوسرے شخص کی شناخت بابر نعمان کے نام سے ہو گئی ہے۔ بابر نعمان کے ورثاء نے تھانہ نشتر کالونی میں رابطہ کیا ہے۔ جس میں ورثاء کی جانب سے مقتول کی لاش ان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بابر نعمان کے والد کا کہنا تھا کہ وہ گجومتہ میں کپڑے کی فیکٹری میں کام کرتا تھا، جبکہ وہ سرگودھا کا رہائشی تھا۔ اس کے والد کا مزید کہنا تھا کہ بابر نعمان کی عمر 25 سے 26 سال تھی، جبکہ وہ اتوار کی صبح 10 بجے فیکٹری سے نکلا تھا اور ابھی تک لاپتہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے بیٹے کی لاش ان کے حوالے کی جائے، جبکہ پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جلائے جانے والے شخص کی لاش کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جا رہا ہے، جبکہ اس ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد ہی اس کی میت ورثاء کے حوالے کی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 448212

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/448212/سانحہ-یوحنا-ا-باد-مظاہرین-کے-ہاتھوں-جلائے-جانیوالے-دوسرے-شخص-کی-شناخت-بھی-ہوگئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org