QR CodeQR Code

وفاق بلوچستان کا احساس محرومی ختم کرکے اسے دیگر صوبوں کے برابر لانا چاہتا ہے، نواز شریف

3 Apr 2015 14:56

اسلام ٹائمز: وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کے دوران وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو موجودہ صوبائی حکومت اور انتظامیہ نے بہتر بنانے کیلئے مثبت اقدامات اُٹھائے ہیں، جنکے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وزیراعظم میاں نواز محمد شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوارن انکے ساتھ صوبے کی سیاسی صورتحال، امن و امان سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے اپنے غیر ملکی دورے کے بارے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی۔ وزیراعظم نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کو ترقی کے لحاظ سے دوسرے صوبوں کے برابر جلد از جلد لانا چاہتی ہے۔ تاکہ بلوچستان کے عوام کا احساس محرومی ختم ہوجائے۔ دریں اثناء وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ نامساعد حالات اور مسائل کے باوجود حکومت کے مثبت اقدامات کی وجہ سے معاشی اعشاریہ بہتری کی جانب گامزن ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت پرعزم ہے۔ عوام کو درپیش تعلیم، صحت، توانائی اور مواصلات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ موجودہ حکومت نے دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کئے ہیں۔ دہشت گردی نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور اس جنگ میں بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ حکومت کے اقدامات نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ نے بھی پاکستانی معیشت پر اثر ڈالا ہے۔ 10 لاکھ سے زائد قبائلی بے گھر ہوگئے ہیں، جن کی بحالی کے لئے حکومت عالمی اداروں کے تعاؤن سے اقدامات کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 451693

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/451693/وفاق-بلوچستان-کا-احساس-محرومی-ختم-کرکے-اسے-دیگر-صوبوں-کے-برابر-لانا-چاہتا-ہے-نواز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org