QR CodeQR Code

سانحہ صفورا کے بعد کراچی آپریشن میں تیزی، متحدہ کارکنان، ٹارگٹ کلر، غیر ملکیوں سمیت 200 ملزمان گرفتار

15 May 2015 12:28

اسلام ٹائمز: قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے رات گئے کورنگی سے لیکر اورنگی ٹاؤن تک کارروائیوں اور چھاپوں کے دوران مختلف مقامات سے حراست میں لئے جانیوالوں ایم کیو ایم کا یونٹ انچارج، غیر ملکی، کالعدم تنظیم کے دہشتگرد اور خطرناک ٹارگٹ کلر عالم زیب عرف عابد گنجا بھی شامل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سانحہ صفورا پر گزشتہ روز ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے بعد کراچی آپریشن میں بلا کی تیزی آگئی ہے، شہر کے مخلتف مقامات پر رینجرز اور پولیس کے چھاپوں کے دوران تقریبا 200 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے رات گئے کورنگی سے لے کر اورنگی ٹاؤن تک کارروائیاں کیں، چھاپوں کے دوران مختلف مقامات سے حراست میں لئے جانے والوں ایم کیو ایم کا یونٹ انچارج، غیر ملکی، کالعدم تنظیم کے دہشتگرد اور خطرناک ٹارگٹ کلر عالم زیب عرف عابد گنجا بھی شامل ہے۔ حراست میں لئے گئے ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ نیو کراچی خمیسو گوٹھ میں گھر گھر تلاشی کے دوران پولیس نے ٹارگٹ کلر سمیت 56 افراد کو دھر لیا، پولیس کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر عالم زیب عرف گنجا نے 19 افراد کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔

گلشن اقبال کی مدینہ کالونی سے 18، کورنگی زمان ٹاؤن سے 35، گلستان جوہر سے 5 اور عیسیٰ نگری قبرستان کے اطراف سے 24 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس سے قبل رینجرز نے لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے قریب گلیوں کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی، کارروائی کے دوران ایم کیو ایم کے یونٹ انچارج اور جوائنٹ یونٹ انچارج سمیت 22 کارکنان کو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، جبکہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کسی یونٹ انچارج یا کارکن کی گرفتاری کی تردید کی ہے۔ فرنٹئیر کالونی، جہانگیر روڈ اور پٹیل پاڑہ میں چھاپوں کے دوران 4 غیر ملکیوں سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا، کئی ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ شہر کے دیگر مقامات پر بھی رینجرز اور پولیس نے چھاپے مار کر درجنوں افراد کو گرفتار کیا۔


خبر کا کوڈ: 460963

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/460963/سانحہ-صفورا-کے-بعد-کراچی-آپریشن-میں-تیزی-متحدہ-کارکنان-ٹارگٹ-کلر-غیر-ملکیوں-سمیت-200-ملزمان-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org