QR CodeQR Code

لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم عدالتی کمیشن کو مسترد کرتے ہیں، نصراللہ بلوچ

27 Jun 2015 16:48

اسلام ٹائمز: کوئٹہ سے جاری بیان میں چیئرمین وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے کہا ہے کہ مذکورہ کمیشن دنیا کا طویل ترین کمیشن ہے، جس کو 5 سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے۔ ان پانچ سالوں میں عدالتی کمیشن نے لاپتہ افراد کے حوالے سے نہ حکومت کو اور نہ ہی سپریم کورٹ کو کوئی خاص رپورٹ پیش کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم عدالتی کمیشن کو مسترد کرتے ہیں اور سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ غیر آئینی عدالتی کمیشن کا نوٹس لیکر فوری طور پر کمیشن کو ختم کرے۔ لاپتہ افراد کے حوالے سے جوایک لارجر بینچ تشکیل دینے کے احکامات جاری ہوئے تھے، اس پر فوری طور پر عملدرآمد کرکے لاپتہ افراد کے کیسز کو سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے نمبر لگایا جائے۔ لاپتہ افراد کے حوالے سے بنایا گیا عدالتی کمیشن غیرآئینی بن چکا ہے۔ یہ کمیشن دنیا کا طویل ترین کمیشن ہے، جس کا 5 سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے۔ ان پانچ سالوں میں عدالتی کمیشن نے لاپتہ افراد کے حوالے سے نہ حکومت کو اور نہ ہی سپریم کورٹ کو کوئی خاص کمیشن پیش کی ہے۔ بلکہ 2010 میں عدالتی کمیشن میں جو کیسز رجسٹرڈ ہوئے، ان کے شواہد اور چشم دید گواہ نے عدالت کے سامنے اپنے بیان ریکارڈ کرائے۔ وہ لاپتہ بلوچ کارکن بازیاب تو نہ ہوئے، بلکہ ان میں سے کچھ کی مسخ شدہ لاشیں ملی ہے۔ دیگر کیسز کو عدالتی کمیشن نے لسٹ سے خارج کر دیا۔ کمیشن کے سابق سربراہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچوں کو غائب کرنا اور لاشیں پھینکنے میں خفیہ ادارے نہیں، بلکہ غیر ملکی ادارے ملوث ہے۔ لاپتہ افراد کے حوالے سے جو ثبوت کمیشن پیش کئے گئے اور وہ ثبوت سپریم کورٹ کے سامنے بھی پیش ہوئے تو سپریم کورٹ نے دو عبوری حکم جاری کئے۔ جس میں واضح طور پر کہا گیا کہ بلوچستان سے لوگوں کو اغواء اور لاشیں پھینکنے میں خفیہ ادارے ملوث ہے۔ سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کے کیسز کے دوران عدالتی کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے ریمارکس ریکارڈ پرموجود ہے کہ پاکستان میں جس مسئلے کوحل نہ کرناہو، تو حکومت اس پر کمیشن بیٹھا دیتی ہے۔ وائس فاربلوچ مسنگ پرسنز نے مذکورہ عدالتی کمیشن کو پہلے ہی مسترد کردیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 469647

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/469647/لاپتہ-افراد-کے-حوالے-سے-قائم-عدالتی-کمیشن-کو-مسترد-کرتے-ہیں-نصراللہ-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org