QR CodeQR Code

بلتستان کے نامور عالم دین، ایم ڈبلیو ایم قم کے سربراہ شیخ غلام محمد فخرالدین کی شہادت کی تصدیق ہوگئی

14 Oct 2015 22:06

اسلام ٹائمز: نامور عالم، خطیب اور دانشور حجت الاسلام شیخ غلام محمد فخراالدین سانحہ منٰی کے بعد سے لاپتہ تھے، گذشتہ روز ایک کنٹینر سے علامہ موصوف کی لاش اتارنے کی خبر کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کی سعودی عرب میں ہی تدفین کر دی گئی ہے۔۔


اسلام ٹائمز۔ بلتستان کے نامور عالم دین، بلند پایہ خطیب، عالم مبارز حجت الاسلام علامہ شیخ غلام محمد فخرالدین کی سانحہ منٰی میں شہادت کی تصدیق ہوگئی، انکے جسد خاکی کی تدفین کل سعودی عرب میں ہوئی۔ خانوادہ شہید کو انکی شہادت کی اطلاع دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال دوران حج سعودی حکومت کی مجرمانہ غفلت کے سبب پیش آنے والے دلخراش سانحے میں بلتستان کے سات حجاج گمشدہ تھے، ان میں ایک شیخ غلام محمد فخرالدین بھی شامل تھے۔ گذشتہ روز ایک کنٹینر سے علامہ موصوف کی لاش اتارنے کی خبر کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کی سعودی عرب میں ہی تدفین کر دی گئی ہے۔ علامہ شیخ غلام محمد فخرالدین امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے چکے ہیں جبکہ ان دنوں وہ مجلس وحدت مسلمین قم کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ انکی شہادت کے بعد بلتستان میں ایک ایسا خلا پیدا ہوگیا ہے، جسے پر کرنا آسان نہیں۔ حجت الاسلام شیخ غلام محمد فخراالدین نے رواں سال 28 جنوری کو المصطفٰی انٹرنیشنل یونیورسٹی قم ایران سے اپنے تحقیقی تھیسز کا کامیاب دفاع مکمل کرنے کے بعد قرآنیات میں پی ایچ ڈی مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ موصوف کو اس مقالے کی نہایت عالمانہ تکمیل پر ساڑھے اٹھانوے فیصد نمبر دیئے گئے اور وہ المصطفٰی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے بلتستان کے چوتھے دانشور تھے۔


خبر کا کوڈ: 491182

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/491182/بلتستان-کے-نامور-عالم-دین-ایم-ڈبلیو-قم-سربراہ-شیخ-غلام-محمد-فخرالدین-کی-شہادت-تصدیق-ہوگئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org