QR CodeQR Code

بنوں،تھانہ میریان پر خودکش حملہ،20 افراد جاں بحق

12 Jan 2011 23:58

اسلام ٹائمز:مقامی ذرائع کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور کافی دیر تک دھوئیں کے گہرے بادل عمارت سے اٹھتے دکھائی دیئے


بنوں:اسلام ٹائمز-بنوں میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی تھانہ میریان سے ٹکرا دی، جس سے بیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی نے کہا ہے کہ بے گناہ انسانوں پر حملہ کرنے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں۔ ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور نے بنوں سے بارہ کلومیٹر جنوب میں جانی خیل روڈ پر واقع تھانہ میریان کی دیوار سے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ٹکرا دی، جس سے تھانے میں موجود بیس افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں آٹھ ایف سی اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
 ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت تھانے میں ایف سی اور پولیس اہلکاروں سمیت ستر سے زائد افراد موجود تھے، خودکش حملے میں تھانے کی عمارت زمین بوس ہو گئی ہے۔ دھماکے کے بعد بنوں اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں کو بنوں اسپتال منتقل کیا گیا۔ میریان تھانے کے قریب ہائی اسکول اور رہائشی کالونی کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے باعث تھانے کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔ ہلاک شدگان اور زخمیوں کو بنوں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ دھماکے کے وقت تھانے میں ستر کے قریب افراد موجود تھے۔ دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
جنگ نیوز کے مطابق بنوں خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد بیس ہو گئی ہے جبکہ سولہ زخمی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق بنوں کے علاقے میریان میں نامعلوم حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی تھانہ میریان کے بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔ دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حملے کے نتیجے میں تھانہ میریان کی عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی جبکہ اس سے ملحقہ مسجد کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ مقامی ذرائع کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور کافی دیر تک دھوئیں کے گہرے بادل عمارت سے اٹھتے دکھائی دیئے۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، واقعے کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال بنوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور لاشوں اور زخمیوں کو وہاں منتقل کیا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 50256

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/50256/بنوں-تھانہ-میریان-پر-خودکش-حملہ-20-افراد-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org