QR CodeQR Code

ایم کیو ایم نے کراچی کے میئر کیلئے وسیم اختر اور ڈپٹی میئر کیلئے ارشد وہرہ کو نامزد کر دیا

15 Dec 2015 20:52

اسلام ٹائمز: وسیم اختر کا شمار ایم کیو ایم کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا ہے، جبکہ وہ قومی اسمبلی کے رکن اور سابق صدر مشرف کے دور میں سندھ کے مشیر داخلہ رہ چکے ہیں، جبکہ ارشد وہرہ ایم کیو ایم کیجانب سے سندھ اسمبلی کے رکن ہیں۔


اسلام تائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ نے شہر کراچی کے میئر کیلئے وسیم اختر اور ڈپٹی میئر کیلئے ارشد وہرہ کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کراچی اور لندن رابطہ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے ناموں پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما ندیم نصرت نے وسیم اختر کو کراچی کا میئر اور ارشد وہرہ کو ڈپٹی میئر نامزد کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے میئرشپ کا فیصلہ رائے شماری سے کیا گیا، جبکہ رائے شماری میں 100 فیصد کسی کا نام بھی نہیں آیا، لہٰذا وسیم اختر کراچی کے میئر اور ارشد وہرہ ڈپٹی مئیر ہوں گے۔ وسیم اختر کا شمار ایم کیو ایم کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا ہے، جبکہ وہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے ضلع شرقی سے چیئرمین کی سیٹ پر کامیاب ہوئے۔ وسیم اختر ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ وہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں سندھ کے مشیر داخلہ کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔ ارشد وہرہ ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ اسمبلی کے رکن ہیں، جبکہ وہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں کراچی وسطی یوسی 49 سے چیئرمین کی سیٹ پر کامیاب ہوئے ہیں۔ دوسری جانب اجلاس کے دوران فاروق ستار اور نسرین جلیل کو ایم کیو ایم کا ڈپٹی کنویئر مقرر کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ انتخابات سے قبل ہی وسیم اختر اور ارشد وہرا کو کراچی کی میئرشپ کیلئے مضبوط ترین امیدوار سمجھا جا رہا تھا، جن کی نامزدگی کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 505373

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/505373/ایم-کیو-نے-کراچی-کے-میئر-کیلئے-وسیم-اختر-اور-ڈپٹی-ارشد-وہرہ-کو-نامزد-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org