QR CodeQR Code

ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کیخلاف احتجاج کا عندیہ دیدیا

13 Mar 2016 13:33

اسلام ٹائمز: ’صاف کراچی مہم‘ کے دوران صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے متحدہ رہنما فاورق ستار نے کہا کہ کراچی میں پانی کی کمی کی بڑی وجہ ’کے فور‘ منصوبے پر عمل درآمد نہ کرنا ہے، سندھ حکومت منصوبے کیلئے رقم جلد جاری کرے، ورنہ ہم احتجاج کرینگے، چاہے اس کیلئے ہمیں وزیراعلیٰ ہاؤس ہی کیوں نہ جانا پڑے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کی کمی کی بڑی وجہ ’کے فور‘ منصوبے پر عمل درآمد نہ کرنا ہے، سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کے فور منصوبے پر عمل درآمد کیلئے مختص رقم جلد از جلد جاری کی جائے، اگر کے فور منصوبہ مکمل نہ ہوا، تو ہم احتجاج کریں گے، چاہے اس کیلئے ہمیں وزیراعلیٰ ہاؤس ہی کیوں نہ جانا پڑے۔ ’صاف کراچی مہم‘ کے دوران ضلع جنوبی کی یوسی 23 نانک واڑہ میں صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے فاورق ستار نے کہا کہ ’کے فور‘ منصوبے پر عمل درآمد سے کراچی کو 240 ملین گیلن اضافی پانی ملنا تھا، ’کے فور‘ پر 25 ارب روپے خرچ ہوں گے، صوبائی اور وفاقی حکومتیں ’کے فور‘ منصوبے کی رقم جلد جاری کریں، کیونکہ کراچی میں پانی کا مسئلہ سنگین صورت حال اختیارکرتا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی سب سے زیادہ ریونیو دیتا ہے، اور کراچی کے پیسے سے میٹرو بنائی جا رہی ہے، اب ہمیں اپنے حق کیلئے نکلنا ہوگا اور دھرنے بھی دینے ہوں گے، ہم جمہوری احتجاج کے ذریعے حکومت کے ضمیر کو جھنجھوڑیں گے۔

نامزد میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم صفائی مہم میں پرائیویٹ طور پر منگوائی گئی چھوٹی مشینری کا استعمال کر رہے ہیں، سندھ حکومت نے صفائی مہم میں تعاون نہ کرکے ایم کیو ایم کو ہی نہیں کراچی کے عوام کو دھوکا دیا ہے، اور انھیں ایک مرتبہ پھر مایوس کر دیا ہے۔ ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے صفائی مہم کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صفائی مہم میں سندھ حکومت کی عدم توجہی ظاہر کرتی ہے کہ اسے کراچی اور یہاں کے عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، سندھ حکومت نے 8 برسوں سے کراچی کو لاوارث چھوڑ رکھا ہے، حکمرانوں کی بے حسی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔


خبر کا کوڈ: 527224

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/527224/ایم-کیو-نے-سندھ-حکومت-کیخلاف-احتجاج-کا-عندیہ-دیدیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org