QR CodeQR Code

کرپشن صرف پانامہ پیپرز لیکس میں ہی نہیں ملک کے ہر ادارے کو لپیٹ میں لیے ہوئے ہے۔ لیاقت بلوچ

23 Apr 2016 20:24

اسلام ٹائمز: لاہور میں منتظمین جماعت کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس پر وزیراعظم کا تحقیقات کے لیے اعلان ابھی مزید واضح ہونا ہے، کرپشن فری پاکستان تحریک منزل کے حصول تک جاری رہے گی، عوام کو بیدار اور منظم کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور کرپشن فری پاکستان تحریک کی نگران کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ نے لاہور میں 24 اپریل عوامی دھرنا کے منتظمین اور زونل عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کے ناسور کو اب ہمیشہ کے لیے عوامی طاقت اور بیداری سے کچلنا ناگزیر ہے۔ کرپشن فری پاکستان تحریک میں ہی پانامہ پیپرز لیکس نے پاکستان کے منظم کرپٹ مافیا کو بے نقاب کر دیا ہے۔ کرپشن کی وجہ سے غربت، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، لاقانونیت اور ناانصافی عوام کا مقدر بنا دی گئی ہے۔ پاکستان اللہ کی نعمتوں، وسائل اور انسانی صلاحیتوں سے مالا مال ہے لیکن مقتدر طبقہ انسانوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کر رہا ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ پانامہ لیکس پر وزیراعظم کا تحقیقات کے لیے اعلان ابھی مزید واضح ہونا ہے۔ کرپشن صرف پانامہ پیپرز لیکس میں ہی نہیں ملک کے ہر ادارے کو لپیٹ میں لیے ہوئے ہے۔ کرپشن فری پاکستان تحریک منزل کے حصول تک جاری رہے گی، عوام کو بیدار اور منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہی کرپشن کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔ 24 اپریل لاہور میں عوامی دھرنا کرپشن فری پاکستان تحریک کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق عوامی دھرنا میں آئندہ لائحہ عمل کا اہم اعلان کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 534886

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/534886/کرپشن-صرف-پانامہ-پیپرز-لیکس-میں-ہی-نہیں-ملک-کے-ہر-ادارے-کو-لپیٹ-لیے-ہوئے-ہے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org