QR CodeQR Code

گورنر سندھ اور مصطفیٰ کمال کے درمیان لفظی جنگ پر سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع

21 Oct 2016 17:57

اسلام ٹائمز: پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان نے سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروائی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ گورنر سندھ اور مصطفٰی کمال کے الزامات نے واضح کر دیا ہے کہ کراچی میں دہشتگردی کا ذمہ دار کون ہے، سپریم کورٹ دونوں کو کراچی بدامنی کیس میں شامل تفتیش کرے اور تحقیقات کرائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور مصطفیٰ کمال کی ایک دوسرے پر الزام تراشی کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروائی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد اور مصطفیٰ کمال نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگائے، دونوں نے جو الزامات ایک دوسرے پر لگائے ہیں، اس سے کراچی سمیت پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال متاثر ہوئی ہے، گورنر سندھ اور مصطفٰی کمال کے الزامات نے واضح کر دیا ہے کہ کراچی میں دہشتگردی کا ذمہ دار کون ہے۔ تحریک التوا میں کہا گیا کہ 12 مئی اور سانحہ بلدیہ فیکٹری کو بھلایا نہیں جا سکتا، گورنر سندھ اور مصطفیٰ کمال پہلے کیوں خاموش تھے اور گورنر سندھ فوری مستعفی ہو جائیں۔ تحریک التوا میں مطالبہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ گورنر سندھ اور مصطفٰی کمال کو کراچی بدامنی کیس میں شامل تفتیش کرے، اور عدالتی کمیشن تشکیل دے کر الزامات کی تحقیقات کرائی جائے۔


خبر کا کوڈ: 577285

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/577285/گورنر-سندھ-اور-مصطفی-کمال-کے-درمیان-لفظی-جنگ-پر-اسمبلی-میں-تحریک-التوا-جمع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org