QR CodeQR Code

پشاور کی مقامی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی شہاب الدین پوپلزئی پراسرار طور پر لاپتہ

24 Jun 2017 19:16

مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے خاندان کیمطابق وہ 3 روز قبل اسلام آباد کسی کام کیلئے گئے تھے، مگر راستہ میں ہی انکا رابطہ منقطع ہوگیا، تاہم انکا موبائل بھی بند ہے، جبکہ سرکاری ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی بےنظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے دبئی چلے گئے ہیں اور مولانا خیرالبشر بھی انکے ہمراہ ہیں، دونوں 2 اگست کو واپس وطن لوٹیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی شہاب الدین پوپلزئی اور جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا خیرالبشر پُر اسرار طور پر لاپتہ ہوگئے ہیں، دونوں کے خاندانوں نے ان کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے، اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ان کے گرفتار کئے جانے کی افواہیں بھی زیرِ گردش ہیں۔ خاندان کے مطابق مفتی شہاب الدین پوپلزئی 3 روز قبل اسلام آباد کسی کام کے لئے گئے تھے، مگر راستہ میں ہی ان کا رابطہ ان کے خاندان والوں سے منقطع ہوگیا اور ابھی تک ان کا موبائل بند ہے، اسی طرح مولانا خیرالبشر کے بیٹے انعام اللہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بھی لاپتہ ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ 3 دن پہلے مولانا خیرالبشر گھر میں تھے اور کسی کام کے لئے باہر نکلے مگر تاحال واپس نہ لوٹ سکے اور مولانا خیرالبشر کا نمبر بھی 3 دنوں سے بند ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم  نے تمام تر صورتحال سے جامع مسجد قاسم علی خان کی انتظامیہ کو آگاہ کیا ہوا ہے۔ دوسری جانب مردان میں مفتی شہیاب الدین پوپلزئی کے لاپتہ ہونے پر علماء کرام نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، ساتھ ہی جامع مسجد قاسم علی خان نے بھی آج رات چاند دیکھنے کے لئے اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مسجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی علم نہیں کہ مفتی پوپلزئی کہاں ہیں۔ سرکاری ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی بےنظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے دبئی چلے گئے ہیں، جبکہ مولانا خیرالبشر بھی ان کے ہمراہ ہیں، دونوں 2 اگست کو واپس وطن لوٹیں گے۔


خبر کا کوڈ: 648630

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/648630/پشاور-کی-مقامی-رویت-ہلال-کمیٹی-کے-چیئرمین-مفتی-شہاب-الدین-پوپلزئی-پراسرار-طور-پر-لاپتہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org