QR CodeQR Code

آغا راحت حسینی نے گلگت کے تعلیمی اداروں میں یوم حسینؑ نہ منانے کا اعلان کر دیا

1 Oct 2017 04:43

آغا راحت کے اس اعلان کے بعد عوامی حلقوں میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ اتنے بڑے اعلان کیلئے مذہبی طلباء جماعتوں اور ملت تشیع کے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ضرورت کیوں محسوس نہیں کی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت امپھری میں مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے نامور عالم دین حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید راحت حسین الحسینی نے کہا ہے کہ آئندہ گلگت کے تعلیمی اداروں میں یوم حسین ؑ نہیں منایا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یوم حسین ؑ کی مناسبت سے یکم صفر کو سٹی پاک گلگت میں عظیم تقریب کا انعقاد نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ ہوگا، جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء، مفکرین، عوام اور طلباء کی کثیر تعداد شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ گلگت میں یوم حسینؑ کئی سالوں سے متازعہ پروگرام بنا ہوا تھا۔ گذشتہ سال یوم حسینؑ کے انعقاد پر صوبائی حکومت کی جانب سے درجنوں شیعہ طلباء پر انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات قائم ہوئے اور متعدد افراد کی گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آغا راحت حسین الحسینی نے سال گذشتہ ریاستی اداروں سے مذاکرات کے دوران یوم حسینؑ کے بابت اس بات پر رضامندی کا اظہار کیا تھا کہ آئندہ یوم حسین ؑ کو تعلیمی اداروں میں نہیں منایا جائے گا اور حکومتی سطح پر کسی عوامی مقام پر انعقاد ہوگا۔ آغا راحت کا حالیہ اعلان اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ آغا راحت کے اس اعلان کے بعد عوامی حلقوں میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ اتنے بڑے اعلان کے لئے مذہبی طلباء جماعتوں اور ملت تشیع کے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ضرورت کیوں محسوس نہیں کی گئی۔ دوسری جانب اگر سب کو اعتماد میں لیا گیا ہے تو سال گذشتہ یوم حسینؑ کے انعقاد پر جن 148 طلباء پر مقدمات قائم ہوئے، ان مقدمات کو واپس لینا بھی ضروری ہے۔ خدشہ یہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس حساس ایشو پر آغا راحت حسینی کی طرف سے غیر متوقع اعلان کو مخالفین ہتھیار کے طور پر استعمال کریں گے اور ملت میں اختلافات کا ذریعہ بنائیں گے۔
نوٹ: قارئین محترم گذشتہ سال یوم حسینؑ کے انعقاد پر گلگت میں پیش آنیوالے واقعات کی رپورٹ نیچے موجود لنک پر پڑھ سکتے ہیں۔
https://www.islamtimes.org/ur/doc/article/584185


خبر کا کوڈ: 673279

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/673279/ا-غا-راحت-حسینی-نے-گلگت-کے-تعلیمی-اداروں-میں-یوم-حسین-نہ-منانے-کا-اعلان-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org