نائجیریا، فوج نے کاروائی کر کے بوکو حرام کے قبضے سے 1ہزار یرغمالی بازیاب کرالیا
9 May 2018 10:28
افریقہ کی سب سے بڑی تنظیم بوکو حرام گزشتہ 9سال سے خطے میں دہشت گردی میں ملوث ہے جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ ہزاروں لڑکیوں کو اغوا بھی کیا جا چکا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ شورش زدہ افریقی ملک نائجیریا میں فوج نے شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کر کے 1ہزار سے زائد یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا ہے، جبکہ شدت پسند ڈاکوؤں اور ملیشیا کے درمیان جھڑپ میں ہلاکتوں کی تعداد 71 ہو گئی ہے۔ مشرقی افریقہ کی سب سے بڑی معیشت نائجیریا میں آئندہ سال ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل پرتشدد واقعات کا سلسلہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا چلا جا رہا ہے، جس پر عالمی برداری نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ہفتے کو ریاست کنڈنا کے گاؤں گواسکا کی حفاظت کرنے والی ملیشیا پر ڈاکوؤں نے حملہ کردیا تھا، جس کے بعد سے دونوں میں شدید لڑائی جاری ہے اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 71 ہو چکی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹنیو گٹیرس نے ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے واقعے ذمے دار افراد کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب نائجیریا کی فوج نے کارروائی کر کے شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے قبضے سے 1ہزار سے زائد یرغمالیوں کو چھڑا لیا ہے۔ ریاست بورنو کے فوجی ترجمان بریگیڈیئیر جنرل ٹکساس چکوو نے بتایا کہ 4 گاؤں سے بازیاب کرائے گئے یرغمالیوں میں سے اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ ان میں کچھ مرد بھی شامل ہیں جن پر بوکو حرام کا حصہ بننے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ نائجیریا کی فوج نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر یہ آپریشن انجام دیا تاہم انہوں نے آپریشن کی مدت یا یرغمالیوں کو کہاں سے بازیاب کرایا گیا، اس حوالے سے کوئی بھی بات بتانے سے انکار کردیا۔
خبر کا کوڈ: 723258