QR CodeQR Code

متحدہ مجلس عمل ملک کو بحرانوں کرپشن سے نجات دلائے گی، لیاقت بلوچ

20 May 2018 23:44

میڈیا سنٹر ملتان میں ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے ایم ایم اے کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کی مدد سے بھارت پورے عالمی امن کیلئے خطرناک بن گیا ہے، اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے اور بھارت کو ظلم سے روکے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کرپٹ مافیا بڑا طاقتور ہے، لیکن اب پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ کرپشن ناسور ہے، اس کا سر کچلے بغیر ملک و ملت ترقی نہیں کر سکتا، ریاستی ادارے آئین، جمہوری عمل اور انتخابات کے بروقت انعقاد کو چھیڑے بغیر سب کے احتساب کا عمل جاری رکھیں، متحدہ مجلس عمل پاکستان کو بحرانوں اور کرپشن کی دلدل سے نجات دلائے گی، ہم سود، قرضوں اور بدعنوانیوں کی بیساکھیاں توڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام عالمگیر نظام اور انسانوں کے لیے مکمل ضابطہ حیات ہے، قرآن کتاب انقلاب اور ریاستی نظام کو انصاف کے ساتھ چلانے کے لیے مضبوط بنیاد ہے، عالم اسلام قرآن و سنت کے احکامات سے انحراف کر کے ذلیل و خوار ہے، پوری امت قرآن وسنت کی بنیاد پر متحد ہو جائے تو سب بحران ٹل جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میڈیا سنٹر میں سیکرٹری اطلاعات (جنوبی ) پنجاب کنور محمد صدیق سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سیالکوٹ ورکنگ بانڈری پر بھارتی جارحیت اور فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک بھارت بارڈر پر انسانی جانوں کے المیہ اور درپیش خطرات پر احتجاج کیا اور کہا کہ نریندرمودی انسانوں کے قتل کا ماسٹر مائنڈ اور دہشتگردی پھیلانے کا ماہر ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اسرائیل کی مدد سے بھارت پورے عالمی امن کیلئے خطرناک بن گیا ہے، اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے اور بھارت کو ظلم سے روکے۔


خبر کا کوڈ: 726171

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/726171/متحدہ-مجلس-عمل-ملک-کو-بحرانوں-کرپشن-سے-نجات-دلائے-گی-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org