QR CodeQR Code

انتخابی امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے، منظور احمد کاکڑ

12 Jun 2018 13:18

کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری باپ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قیام امن کا سہرا پاک فوج کے سر ہے۔ جوانوں کی بیش بہا قربانیوں کی بدولت پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو چکا ہے، جس پر بلوچستان اور پاکستان کے عوام انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے جنرل سیکرٹری منظور احمد کاکڑ نے کہا ہے کہ پارٹی نے انتخابات کے لئے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے، انتخابات میں ہمارا مقابلہ مفاد پرست سیاستدانوں سے ہے۔ آئندہ بلوچستان کے فیصلے رائے ونڈ، بنی گالہ اور بلاول ہاؤس کے ڈرائنگ رومز کی بجائے بلوچستان کی سرزمین پر ہی ہونگے۔ دہشت گردی کے پیچھے وردی کا نعرہ لگانے والوں کی مذمت کرتے ہیں۔ بلوچستان مستحکم ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا، سینیٹ انتخابات میں جس طرح پارٹی چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے لانے میں کامیاب ہوئی، اسی حکمت عملی سے آئندہ انتخابات میں کامیاب ہو کر صوبے کے غصب شدہ حقوق واگزار کرائیں گے۔ کوئٹہ پریس کلب میں ظفر شاہوانی کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منظور احمد کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان بھر سے دو ماہ کے دوران ہزاروں افراد کی پارٹی میں شمولیت ہماری مثبت پالیسیوں پر اعتماد کی مظہر ہے۔ گذشتہ پچاس سالوں سے بلوچ، پشتون اور مذہب کے نام پر لوگوں کو جنت کا خواب دکھا کر ووٹ لینے والوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ آج بھی بلوچستان میں انسان اور جانور ایک ہی تالاب سے پانی پینے پر مجبور ہیں۔ انتخابات میں مخالفین کو اپنی شکست نظر آ رہی ہے، جس پر وہ خوفزدہ ہیں اور نت نئے طریقوں سے صوبے میں حقیقی تبدیلی لانے والوں کا راستہ روکنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ بلوچستان میں قیام امن کا سہرا پاک فوج کے سر ہے۔ جوانوں کی بیش بہا قربانیوں کی بدولت پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا ہے، جس پر بلوچستان اور پاکستان کے عوام انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 731189

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/731189/انتخابی-امیدواروں-کے-ناموں-کو-حتمی-شکل-دیدی-گئی-ہے-منظور-احمد-کاکڑ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org