0
Tuesday 12 Jun 2018 13:18

انتخابی امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے، منظور احمد کاکڑ

انتخابی امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے، منظور احمد کاکڑ
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے جنرل سیکرٹری منظور احمد کاکڑ نے کہا ہے کہ پارٹی نے انتخابات کے لئے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے، انتخابات میں ہمارا مقابلہ مفاد پرست سیاستدانوں سے ہے۔ آئندہ بلوچستان کے فیصلے رائے ونڈ، بنی گالہ اور بلاول ہاؤس کے ڈرائنگ رومز کی بجائے بلوچستان کی سرزمین پر ہی ہونگے۔ دہشت گردی کے پیچھے وردی کا نعرہ لگانے والوں کی مذمت کرتے ہیں۔ بلوچستان مستحکم ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا، سینیٹ انتخابات میں جس طرح پارٹی چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے لانے میں کامیاب ہوئی، اسی حکمت عملی سے آئندہ انتخابات میں کامیاب ہو کر صوبے کے غصب شدہ حقوق واگزار کرائیں گے۔ کوئٹہ پریس کلب میں ظفر شاہوانی کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منظور احمد کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان بھر سے دو ماہ کے دوران ہزاروں افراد کی پارٹی میں شمولیت ہماری مثبت پالیسیوں پر اعتماد کی مظہر ہے۔ گذشتہ پچاس سالوں سے بلوچ، پشتون اور مذہب کے نام پر لوگوں کو جنت کا خواب دکھا کر ووٹ لینے والوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ آج بھی بلوچستان میں انسان اور جانور ایک ہی تالاب سے پانی پینے پر مجبور ہیں۔ انتخابات میں مخالفین کو اپنی شکست نظر آ رہی ہے، جس پر وہ خوفزدہ ہیں اور نت نئے طریقوں سے صوبے میں حقیقی تبدیلی لانے والوں کا راستہ روکنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ بلوچستان میں قیام امن کا سہرا پاک فوج کے سر ہے۔ جوانوں کی بیش بہا قربانیوں کی بدولت پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا ہے، جس پر بلوچستان اور پاکستان کے عوام انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 731189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش