QR CodeQR Code

شہید کے ورثاء اور ڈی پی او کے مابین احتجاج موخر کرنے کیلئے مذاکرات جاری

ڈی آئی خان، ٹارگٹ کلنگ کے 3 واقعات، 3 افراد جاں بحق، ورثاء کا احتجاج، انڈس ہائی وے بند

میرے تین بھائی دہشتگردی میں شہید ہو چکے ہیں، شہید باقر کے بھائی کی گفتگو

8 Aug 2018 13:23

ٹارگٹ کلنگ کا پہلا سانحہ چودھوان موڑ عربی مسجد کے قریب پیش آیا ہے، جس میں دہشتگردوں نے باقر حسین بلوچ نامی شخص پہ فائرنگ کی، متعدد گولیاں لگنے سے باقر حسین ولد ہاشم حسین سکنہ ببر پکہ موقع پہ ہی شہید ہو گئے، قاتل ارتکاب جرم کے بعد فرار ہو گئے۔ شہید باقر حسین کے پہلے بھی 2 بھائی دہشتگردی میں شہید ہوچکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں آزادی سے دندناتے ہوئے ٹارگٹ کلرز نے مزید تین گھرانے اجاڑ دیئے ہیں۔ ڈیرہ کی تحصیل پروا میں چند منٹ میں دہشت گردی کے 3 واقعات میں تین افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں، جس کے بعد علاقے کی فضا شدید غمناک ہو چکی ہے۔ ٹارگٹ کلنگ کا پہلا سانحہ چودھوان موڑ عربی مسجد کے قریب پیش آیا ہے، جس میں دہشتگردوں نے باقر حسین بلوچ نامی شخص پہ فائرنگ کی۔ متعدد گولیاں لگنے سے باقر حسین ولد ہاشم حسین سکنہ ببر پکہ موقع پہ ہی شہید ہو گئے۔ قاتل ارتکاب جرم کے بعد فرار ہوگئے۔ شہید باقر حسین کے پہلے بھی 2 بھائی دہشت گردی میں شہید ہو چکے ہیں۔ ٹارگٹ کلنگ کی دوسری کارروائی پروا تھانہ کی حدود ماہڑہ اڈا کے قریب ہوئی، جس میں نامعلوم افراد نے کالو خان ولد حیدر خان پر فائرنگ کی۔ جس سے وہ موقع پہ ہی دم توڑ گیا۔ ٹارگٹ کلنگ کی تیسری کارروائی بھی پروا ہی کی حدود میں ہوئی، جس میں حفاظت اللہ سکنہ پکہ ببر جاں بحق ہو گیا۔

یکے بعد دیگرے تیسرے بھائی کی شہادت کے خلاف شہید باقر حسین کے لواحقین نے قریشی موڑ کے قریب لاش سڑک پہ رکھ کر دھرنا دے دیا ہے اور انڈس ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے۔ جس سے دونوں جانب ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ ڈی پی او ڈیرہ موقع پہ پہنچ گئے ہیں، جہاں لواحقین اور ڈی پی او کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ شہید باقر حسین کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ علاقے میں شیعہ نسل کشی جاری ہے، میرے تین بھائی دہشتگردی میں شہید ہو چکے ہیں جبکہ کوئی پرسان حال نہیں۔ عدم تحفظ کے باعث اہل تشیع نقل مکانی پہ مجبور ہیں۔ احتجاج میں اہل تشیع کمیونٹی کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، تاہم کوئی مذہبی لیڈر جائے واقعہ پہ نہیں پہنچ پایا ہے۔


خبر کا کوڈ: 743273

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/743273/ڈی-ا-ئی-خان-ٹارگٹ-کلنگ-کے-3-واقعات-افراد-جاں-بحق-ورثاء-کا-احتجاج-انڈس-ہائی-وے-بند

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org