QR CodeQR Code

اسٹیبلشمنٹ کے جبر کا رخ ہمیشہ ہماری طرف رہا ہے، شاہی سید

12 Aug 2018 23:30

باچا خان مرکز میں پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی رہنما نے کہا کہ ہمیں اپنی عوام سے دور رکھنے کے لئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کئے گئے، ہمارا حوصلہ چٹان کی طرح مضبوط ہے، ہم الیکشن ہارے نہیں بلکہ ہمارا مینڈیٹ چھینا گیا ہے، ہمارے ساتھ ہاتھ عوام نے نہیں بلکہ گنتی کے عمل میں زبردستی شامل ہونے والوں نے کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے جبر کا رخ ہمیشہ ہماری طرف رہا ہے، ملک کے کرتا دھرتاؤں نے ابھی تک ہوش کے ناخن نہیں لئے، غلط پالیسیوں کی نشاندہی کرنے والوں کو کچلنے کی روش آج بھی جاری ہے، لاڈلے کو آگے لانے کے لئے انتخابات کو تماشہ بنایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز میں سانحہ بابڑہ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری یونس خان بونیری، مرکزی رہنماء امیر نواب خان، اورنگزیب بونیری، آصف خان سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ شاہی سید نے کہا کہ سانحہ بابڑہ پختون دھرتی کی تاریخ کا بدترین سانحہ ہے، بابڑہ پختون خطے کا کربلا ہے، بابڑہ کا یہ سبق ہے کہ ظالم ہار گیا اور مظلوم جیت گیا، عجیب انتخابات ہوئے کہ جیتنے والوں کو بھی اپنی جیت کا یقین نہیں آ رہا ہے، لاڈلے کو نوازنے کا سلسلہ الیکشن کے انعقاد کے بعد بھی جاری ہے، سوال پوچھتا ہوں کہ ہمیں کب تک مختلف انداز سے دیوار سے لگایا جاتا رہے گا؟۔


خبر کا کوڈ: 744240

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/744240/اسٹیبلشمنٹ-کے-جبر-کا-رخ-ہمیشہ-ہماری-طرف-رہا-ہے-شاہی-سید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org