دیامر میں سکولوں کو جلانے والے 27 نامزد شرپسندوں کو سکیورٹی حکام کے حوالے کیا جائے، ڈی سی دیامر کا جرگے سے مطالبہ
14 Aug 2018 00:22
دو اگست کی رات کو ضلع دیامر میں دہشتگردوں کی جانب سے ایک درجن سے زائد اسکولوں کو آگ لگادی گئی تھی، جن میں سے اکثر اسکول لڑکیوں کے تھے۔
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) دیدار ملک نے 12 رکنی جرگے سے اسکولوں پر حملہ کرنے والے مبینہ 27 ملزمان کی حوالگی کا مطالبہ کردیا۔ چلاس میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں جرگے کے ساتھ اجلاس ہوا، جہاں مقامی سیاسی رہنما ملک مسکین، جی بی کے وزیر ایکسائز اور ٹیکسیشن حیدر خان، وزیر جنگلات عمران وکیل اور دیگر معززین شامل تھے۔ ڈی سی دیامر دیدار ملک نے اجلاس کے دوران جرگے سے مطالبہ کیا کہ مشتبہ افراد کو 13 اگست کو شام 4 بجے آپریشن شروع ہونے سے قبل ہمارے حوالہ کیا جائے، جس کے بعد داریل اور تانگیر دونوں تحصیلوں میں آپریشن کیا جائیگا۔ جرگے نے ڈی سی اور سکیورٹی عہدیداروں کو یقین دلایا کہ وہ مشتبہ افراد کے ساتھ ساتھ ان کے سہولتکاروں کو بھی حوالہ کرنے کی کوشش کریں گے اور حکام سے ڈیڈ لائن سے قبل علاقے میں کارروائی نہ کرنے کی بھی درخواست کی۔ یاد رہے کہ دو اگست کی رات کو ضلع دیامر میں دہشتگردوں کی جانب سے ایک درجن سے زائد اسکولوں کو آگ لگا دی گئی تھی، جن میں سے اکثر سکول لڑکیوں کے تھے۔
خبر کا کوڈ: 744447