QR CodeQR Code

محمود خان نے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کا حلف اُٹھا لیا

17 Aug 2018 16:11

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوس کے جرگہ ہال میں منعقد ہوئی، جس میں اعلٰی سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔ محمود خان سے گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے حلف لیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے محمود خان نے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کا حلف اُٹھا لیا ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے ان سے حلف لیا۔ تفصیلات کے مطابق حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوس کے جرگہ ہال میں منعقد ہوئی، جس میں اعلٰی سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔ دوسری جانب صوبائی کابینہ کی تشکیل عید سے قبل مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئے وزیراعلٰی عمران خان سے مشاورت کے بعد صوبائی کابینہ کے ناموں کا اعلان کریں گے۔ متوقع وزراء میں محمد عاطف خان، شہرام ترکئی، تیمور جھگڑا، اشتیاق اُرمڑ، سلطان محمد خان کے نام شامل ہیں۔ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے محمود خان 77 ووٹ حاصل کر کے نئے وزیراعلٰی کے پی کے منتخب ہوئے تھے، جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے امیدوار میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کئے۔ وزیراعلٰی کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے ہوا، حکومتی ارکان اسمبلی کی لابی نمبر دو میں جمع ہوئے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کیلئے ارکان لابی نمبر ایک میں جمع ہوئے۔ اس کے بعد اسمبلی کے دروازے بند کر دیئے گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 745050

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/745050/محمود-خان-نے-وزیراعل-ی-خیبر-پختونخوا-کا-حلف-ا-ٹھا-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org